مانیٹرنگ ڈیسک: پاکستان کے سینئر اداکار، ہدایتکار اور پروڈیوسر یاسر نواز نے ماضی میں اداکارہ علیزے شاہ کے حوالے سے دیے گئے بیان پر معافی مانگ لی۔
حال ہی میں نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں یاسر نواز نے علیزے سے متعلق اپنے بیان کی وضاحت پیش کی اور ساتھ ہی اس معاملے میں اداکارہ کا نام لینے پر براہ راست معافی مانگی۔
یاسر نواز نے کہا کہ 'اب میں پرانے معاملے پر دوبارہ بات نہیں کرنا چاہتا'، ساتھ ہی انہوں نے علیزے شاہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا 'علیزے مجھے معاف کردو، مجھ سے ایک بھنڈ ہوا تھا، مجھے شو میں تمہارا نام نہیں لینا چاہیے تھا'۔
انہوں نے کہا 'نہ میں اس ڈرامے کا پروڈیوسر تھا اور نہ میں اس سیریل کا ڈائریکٹر تھا، اللہ تمہیں ہمیشہ خوش رکھے اور تمہیں ڈھیر سارا اور اچھا کام ملے، پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کو علیزے شاہ کی ضرورت ہے'۔'میری سب سے بڑی دعا یہ ہے کہ میں اور علیزے شاہ ایک ساتھ دوبارہ کام کریں اور اچھا کام کریں، یہ مجھے وقت نے سکھا دیا ہے'۔
دوران شو اداکار و ہدایتکار نے اہلیہ و میزبان ندا یاسر کے شو کے وائرل ہونے والی کلپس پر بھی بات کی اور کہا کہ دوسری خواتین کی طرح ان کی اہلیہ کو بھی بہت ساری چیزوں کا علم نہیں ہوتا، اس لیے لوگ ان کی بے علمی کی فارمولا کار اور 92 ورلڈکپ جیسے کلپس وائرل کروا کر تنقید کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ یاسر نواز نے 2021 میں ایک پروگرام میں اپنی اہلیہ ندا یاسر کے ہمراہ شرکت کی تھی۔