(عثمان علیم) رمضان بازاروں میں قطاریں، بڑے سٹوروں میں بہاریں، ضلعی انتظامیہ نے رمضان بازاروں میں فروخت ہونیوالی سبسڈائزڈ 4ہزار کلوگرام چینی یورو سٹور کے گودام سے برآمد کرکے مالکان کیخلاف مقدمہ درج کروادیا۔
شہر کے رمضان بازاروں میں پہلے 20 روزے شہریوں کو لمبی قطاروں میں 2 کا کہہ کر ایک کلو چینی پر ٹرخایا گیا جبکہ انتظامیہ غریب عوام کا حق سبسڈائزڈ چینی بڑے سٹوروں کو دیتے رہے، واہگہ زون عملے اور انتظامیہ کی ملی بھگت سے رمضان بازاروں میں فروخت ہونیوالی سبسڈائزڈ 4 ہزار کلو چینی یورو سٹور کے گودام سے برآمد کر لی گئی اورسٹور کو سیل کر دیا گیا۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو اویس ملک اور اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹاؤن ذیشان رانجھا نے یورو سٹور پر چھاپہ مار کر چینی برآمد کی اور یورو سٹور کے مالک میاں شہباز علی، منیجر افضل شاہ اور ملازم عبدالحمید کیخلاف مقدمہ تھانہ ٹاؤن شپ میں درج کروا دیا جبکہ زون ملازم حافظ وقاص اور ملک نعیم عباس کیخلاف بھی مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، ضلعی انتظامیہ نے خفیہ اطلاع پرچھاپہ ماراتھا۔