ملک اشرف: لاہور ہائیکورٹ نے سمگلنگ میں ملوث گاڑیاں مالکان کو واپس کرنے کے کسٹم ایپلیٹ ٹربیونل کے فیصلے کے خلاف اپیل پر سماعت کرتے ہوئے گاڑی مالکان کو نوٹس جاری کر دیا اور جواب طلب کر لیا۔
ذرائع کے مطابق جسٹس عابد عزیز شیخ نے ایف بی آر کی اپیل پر سماعت کی۔
ایف بی آر کے وکیل کے مطابق، ادارے نے سمگلنگ میں ملوث 30 گاڑیاں قبضے میں لی ہیں جبکہ حکومت نے 2024 میں سمگلنگ روکنے کے لیے ان گاڑیوں کو بحق سرکار ضبط کرنے کا حکم دیا تھا۔
ایف بی آر نے موقف اختیار کیا کہ سپریم کورٹ نے بھی سمگلنگ میں ملوث گاڑیوں کو ضبط کرنے کی منظوری دی تھی۔
کسٹم ایپلیٹ ٹربیونل نے پہلے تمام ضبط گاڑیاں مالکان کو واپس کرنے کا حکم دیا تھا، جس کے خلاف ایف بی آر نے ہائی کورٹ میں اپیل دائر کی ہے۔
اپیل میں استدعا کی گئی ہے کہ کسٹم ایپلیٹ ٹربیونل کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے تاکہ سمگلنگ میں ملوث گاڑیوں کی ضبطی کو قانونی تحفظ حاصل ہو۔