(سٹی 42) اساتذہ کا طلبا کے ساتھ متعصبانہ رویہ، جی سی یونیورسٹی نے سمسٹر سسٹم امتحانات کے پچاس فیصد نمبروں کا اختیار متعلقہ ٹیچر سے واپس لینے کا فیصلہ کرلیا۔
گورنمنٹ کالج یونیورسٹی نے اپنے امتحانی نظام میں اہم تبدیلی لانے کا فیصلہ کرلیا، تبدیلی سمسٹر سسٹم امتحانات میں لائی جائے گی، جی سی یونیورسٹی انتظامیہ نے سمسٹر سسٹم امتحانات کے پچاس فیصد نمبروں کا اختیار متعلقہ ٹیچر سے واپس لینے کا فیصلہ کرلیا ہے، پچاس فیصد نمبروں کا اختیار ایکسٹرنل ٹیچر کو دیا جائے گا۔
انتظامیہ نے فیصلہ اساتذہ کی جانب سے طلبا سے متعصبانہ رویے کی شکایات کی وجہ سے کیا ہے، فیصلے کی حتمی منظوری اکیڈمک کونسل سے لی جائے گی، نئی پالیسی کا اطلاق اگلے سمسٹر سے لاگو ہونے کا امکان ہے
دوسری جانب کورونا وائرس کے باعث گورنمنٹ کالج یونیورسٹی نے ماحولیاتی تبدیلیوں پر3 روزہ عالمی کانفرنس ملتوی کردی، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی میں ماحولیاتی تبدیلیوں پرعالمی کانفرنس کا انعقاد 6 اپریل سے ہونا تھا۔
وائس چانسلر پروفیسر اصغر زیدی نے کانفرنس کی نئی تاریخ کا اعلان کیا، کانفرنس اب رواں سال 13 ستمبر کو ہوگی۔ڈاکٹر اصغر زیدی کے مطابق کانفرنس کو کورونا کی بگڑتی صورتحال کے باعث ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
واضح رہےکہ کورونا وائرس کے حملوں میں شدت آگئی، 24 گھنٹوں میں 100 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 14 ہزار 356 ہوگئی، پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 6 لاکھ 63 ہزار سے تجاوز کرگئی، کورونا وائرس کے باعث لاہور سمیت پنجاب کے 9 اضلاع میں تعلیمی ادارے بند ہیں۔