( راؤ دلشاد ) پاکستان میں تعینات مصر کےسفیر احمد فادل نے اہلیہ کے ہمراہ بادشاہی مسجد اور گریٹر اقبال پارک کی سیر کی جبکہ مزار اقبال پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی، انہوں نے کہا کہ لاہور کی تاریخی حیثیت مثالی ہے۔
پاکستان میں تعینات مصر کے سفیر احمد فادل کو بادشاہی مسجد آمد پر خطیب بادشاہی مسجد مولانا عبدالخبیر آزاد نے بادشاہی مسجد کے تاریخی پس منظر پر بریفنگ دی۔ خطیب بادشاہی مسجد مولانا عبدالخبیر آزاد اور مصری سفیرکے مابین تحائف کا تبادلہ ہوا، مصری سفیر احمد فادل نے اہلیہ کے ہمراہ مزار اقبال پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔
مصری سفیر احمد فادل نےگریٹر اقبال پارک میں بگی کی سیر کی اور بگی پر سوار ہوکر مینار پاکستان پہنچے ۔ اپنی اہلیہ کو قرار داد مقاصد کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال کی شاعری پڑھنے کا اتفاق ہوا وہ واقعی اس خطے کی عظیم شخصیت ہیں ان کا کلام شکوہ جواب شکوہ متاثر کن ہے۔
مصری سفیر احمد فادل کا کہنا تھا کہ لاہور پہلے بھی آیا ہوں لیکن بادشاہی مسجد، مزار اقبال اور مینار پاکستان ایک ساتھ دیکھنے کا اتفاق پہلی مرتبہ ہوا ہے۔ لاہور کی تاریخی حیثیت اس شہر کو دنیا میں منفرد کرتی ہے۔ بادشاہی مسجد فن تعمیر کا عظیم شاہکار ہے۔ مصری سفیر کی اہلیہ کا کہنا تھا کہ لاہور میں آکر بہت خوشی ہوئی، لاہور ایک تاریخی شہر ہے مصرکے مختلف شہروں سے مماثلت رکھتا ہے۔