جاوید میاںداد نے بھی مہنگائی کے خلاف آواز بلند کردی

Cricketers-Inflation
کیپشن: Cricketers-Inflation
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

فیروز پور روڈ (حافظ شہباز علی) روزانہ تیزی سے بڑھتی ہوئی مہنگائی نے معاشرتی مسائل میں اضافہ کر کے رکھ دیا ہے، مسلسل بڑھتی مہنگائی سے عوام بری طرح نالاں اور سخت پریشان ہیں، کھلاڑی بھی معاشرے کا حصہ ہونے کے ناطے مہنگائی کے عذاب سے دوچار ہیں۔

کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ کھیلوں کے گرتے ہوئے معیار کا ایک اہم سبب مہنگائی بھی ہے، عام اشیا کی طرح کھیلوں کے استعمال کا سامان بھی مہنگا ہوگیا ہے اور اب ایسے سامان کی خریداری عام کھلاڑی کی دسترس سے بھی باہر ہوتی جارہی ہے۔

دنیائے کرکٹ میں بلند مقام پانے والے اپنے دور کے معروف بیٹسمین اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان جاوید میاںداد  نے کہا کہ آج کے دور میں مہنگائی نے ہر فرد کو پریشان کرکے رکھ دیا، غریب کا جینا مشکل سے مشکل تر ہوتا چلا جا رہا ہے، مہنگائی کی وجہ سے معاشی مسائل پیدا ہونے کے ساتھ ساتھ عام آدمی کی ذہنی و جسمانی صحت بھی متاثر ہورہی ہے۔

 ٹوکیو اولمپکس میں پاکستان کی نمائدگی کا حق پانے والی قومی ویمن بیڈمنٹن چیمپئین ماہ حور شہزاد بھی مہنگائی سے پریشان نظر آئیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ہر روز قیمتوں کے بڑھنے سے مہنگائی نے عام فرد کا جینا محال کرکے رکھ دیا، مہنگائی کی وجہ سے گھریلو خواتین بھی بری طرح پریشان ہیں اور گھر کا چولہا جلانا بھی محال ہوکر رہ گیا ہے، اشیا خورد نوش کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں۔

ٹیسٹ کرکٹ فواد عالم بھی مہنگائی سے نالاں ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ مہنگائی کے سیلاب کو روکنے کے لیے ٹھوس بنیادوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے، بڑھتی ہوئی گرانی نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے، مہنگائی کے تدارک کے لیے قومی مصنوعات کی تیاری میں معیار کو بلند کیا جائے، اس طرح غیر ملکی اشیا کی خریداری کی حوصلہ شکنی سے قیمتی زرمبادلہ بچاکر مہنگائی کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے۔

Sughra Afzal

Content Writer