ملک اشرف : لاہور ہائیکورٹ نے دورانِ سروس انتقال کرنے والے سرکاری کنٹریکٹ ملازم کے ورثاء کو معاوضہ نہ دینے کے معاملے پر سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔
جسٹس ملک محمد اویس خالد نے شہری محمود مسیح کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ محمود مسیح کے والد اختر مسیح محکمہ صحت میں کنٹریکٹ پر ملازم تھے اور دورانِ سروس انتقال کر گئے۔ قانون کے مطابق مرحوم کے ورثاء سولہ لاکھ روپے معاوضے کے حقدار ہیں، تاہم متعلقہ افسران معاوضہ ادا نہیں کر رہے۔وکیل نے بتایا کہ اس حوالے سے سیکرٹری ہیلتھ، سیکرٹری فنانس اور ایس اینڈ جی اے ڈی کو متعدد درخواستیں دی گئیں، مگر تاحال کوئی داد رسی نہیں کی گئی۔ عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ قانون کے باوجود دورانِ سروس انتقال کے بعد ورثاء کو مقررہ معاوضہ فراہم نہیں کیا جا رہا۔
درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ مرحوم سرکاری اہلکار کے ورثاء کو سولہ لاکھ روپے معاوضہ ادا کرنے کا حکم دیا جائے۔عدالت نے سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کو دو فروری کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔