ملک اشرف : لاہور ہائیکورٹ نے بسنت تہوار سے متعلق کیس میں ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز کو 2 فروری کو طلب کر لیا۔ عدالت نے ڈی سی کو شہریوں کی حفاظت کے لیے کیے گئے اقدامات کی جامع رپورٹ کے ہمراہ 2 فروری کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔
جسٹس ملک محمد اویس خالد نے بسنت کیس کی گزشتہ سماعت کا تحریری حکم جاری کیا، تحریری حکم میں ڈی سی لاہور کیپٹن ریٹائر محمد علی اعجاز ،،سپیشل سیکرٹری اسکولز ایجوکیشن، سپیشل سیکرٹری ہائر ایجوکیشن، ایس ایس پی آپریشنز لاہور اور جنرل منیجر آپریشنز لیسکو کو آئندہ پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔عدالت نے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ بسنت کے موقع پر سیفٹی انتظامات کے حوالے سے کیے گئے اقدامات اور عوامی آگاہی مہم کی تفصیلی رپورٹس عدالت میں پیش کریں۔ اس کے علاوہ تعلیمی اداروں میں بسنت کے دوران حفاظتی اقدامات سے متعلق آگاہی پر مبنی رپورٹ بھی طلب کی گئی ہے۔
تحریری حکم میں کہا گیا ہے کہ ڈپٹی کمشنر، ایس ایس پی آپریشنز لاہور اور جی ایم آپریشنز لیسکو باہمی مشاورت سے مشترکہ سیفٹی پلان تیار کریں اور پولیس و لیسکو افسران کے ساتھ مل کر بنائے گئے پلان کی رپورٹ عدالت میں جمع کروائیں۔تحریری حکم میں گزشتہ سماعت کے دوران افسران کی جانب سے پیش کی گئی رپورٹس کا بھی حوالہ دیا گیا ہے.