ویب ڈیسک: اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلٹی کونسل (ایس آئی ایف سی) پاکستان کی عالمی اقتصادی شراکت داری کو مضبوط بنانے اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، جس کے باعث عالمی سرمایہ کاروں کا اعتماد تیزی سے بحال ہو رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے عالمی مالیاتی رہنماؤں اور سرمایہ کاروں سے اہم ملاقاتیں کیں، جن میں پاکستان کی معاشی پیش رفت اور اصلاحاتی اقدامات کو بھرپور سراہا گیا۔ عالمی مالیاتی قیادت نے پاکستان کی پالیسی اصلاحات اور معاشی نظم و ضبط کو مثبت قرار دیا۔
ایشیائی ڈویلپمنٹ بینک کے صدر نے کہا ہے کہ پاکستان اصلاحاتی اقدامات اور بڑھتے ہوئے مارکیٹ اعتماد کے باعث اقتصادی تبدیلی کے ایک اہم مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔ فورم کے دوران غیر ملکی سرمایہ کاروں کی بڑی تعداد نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے اہم اعلانات کیے۔
مشیر وزیر خزانہ خرم شہزاد کے مطابق سرمایہ کاری کے شعبے میں نمایاں پیش رفت دیکھنے میں آئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم اور وفاقی وزرا کے وفد کے دورۂ ڈیوس 2026 کے دوران عالمی سرمایہ کاروں کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے انتہائی اہم اعلانات کیے گئے۔
خرم شہزاد نے مزید بتایا کہ نیسلے نے پاکستان میں مزید 17 ارب روپے کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے اور نیسلے پاکستان کو ایک علاقائی ایکسپورٹ ہب بنانے جا رہی ہے، جہاں سے 26 ممالک کو برآمدات کی جائیں گی۔