کاوش میمن: عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں کی اونچی اڑان تھم گئی, سرمایہ کاروں کی جانب سے منافع کی وصولی کے باعث سونے کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے اثرات پاکستان میں بھی واضح طور پر سامنے آ گئے ہیں، جہاں سونے کی قیمت میں ایک ہی دن میں تاریخی کمی دیکھی گئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں 355 ڈالر فی اونس تک کمی ہوئی ہے، جس کے بعد سونا 5150 ڈالر فی اونس کی سطح پر آ گیا ہے، جبکہ اس سے قبل سونا 5505 ڈالر فی اونس پر ٹریڈ کر رہا تھا۔ عالمی سطح پر اس نمایاں کمی کے بعد پاکستان میں سونے کی قیمتوں میں بھی ریکارڈ کمی ریکارڈ کی گئی۔
پاکستان میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 35 ہزار 500 روپے کی بڑی کمی ہوئی ہے، جس کے بعد فی تولہ سونا 5 لاکھ 37 ہزار 362 روپے پر آ گیا ہے۔ اسی طرح 10 گرام سونا 30 ہزار 435 روپے سستا ہو کر 4 لاکھ 60 ہزار 701 روپے کی سطح پر آ گیا ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستان میں فی تولہ سونا 5 لاکھ 72 ہزار 862 روپے کی بلند ترین سطح پر فروخت ہوا تھا۔
چاندی کی قیمتوں میں بھی نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے، جہاں ایک تولہ چاندی 1106 روپے سستی ہو کر 11 ہزار 69 روپے پر آ گئی ہے۔