(رضوان نقوی) ایف بی آر نے ریئل اسٹیٹ کے شعبہ میں ٹیکس وصولی کا دائرہ بڑھانے کیلئے کارروائیاں تیز کردیں، شادمان انکلیو، الوہاب گارڈن، النورآرچرڈ اورالجلیل گارڈن کا آڈٹ شروع کرکے ریکارڈ فراہم کرنے کیلئےنوٹس جاری کردیئے گئے۔
تفصیلات کے مطابق ایف بی آر نے شہرکے مختلف علاقوں میں قائم چارہاؤسنگ سوسائٹیزکا آڈٹ شروع کرکے نوٹس جاری کردیئے، ایف بی آر ذرائع کے مطابق فیض پورانٹرچینج کےقریب واقع شادمان انکلیو اورالوہاب گارڈن ہاؤسنگ سکیم کا سال دوہزارسترہ کا آڈٹ شروع کردیا گیا ہے۔ النورآرچرڈ اورالجلیل گارڈن کا سال 2018کا آڈٹ شروع کر دیا ہے۔
ایف بی آر ذرائع کے مطابق چاروں ہاؤسنگ سوسائٹیزکونوٹسز جاری کر کے ریکارڈ فراہم کرنے کیلئے12 فروری کی ڈیڈ لائن دے دی گئی ہے، ایف بی آر نے ہاؤسنگ سکیموں سے بنک سٹیٹمینٹس، بکس آف اکاؤنٹس اور ایل ڈی اے کی منظوری کی دستاویزات اور نقشہ جات مانگ لیے ہیں۔ ہاؤسنگ سوسائٹیزکی انتظامیہ سے پلاٹس بُک کرانے والے خریداروں سے ایڈوانس وصول کی گئی رقوم کی تفصیلات بھی طلب کر لی گئی ہیں۔