ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

نواز شریف کینسر ہسپتال سے پورے پاکستان کے مریض مستفید ہوں گے:عظمیٰ بخاری

نواز شریف کینسر ہسپتال سے پورے پاکستان کے مریض مستفید ہوں گے:عظمیٰ بخاری
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے صحت کے شعبے میں نمایاں اور عملی اقدامات کیے ہیں، جن کے ثمرات اب عوام تک پہنچنا شروع ہو چکے ہیں۔ پنجاب اسمبلی کی پریس گیلری میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ لاہور سمیت صوبے بھر میں جدید کینسر ہسپتال تعمیر کیے جا رہے ہیں، جہاں مریضوں کو جدید طبی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔

عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ سرگودھا ہسپتال کی نئی عمارت چند ماہ میں مکمل ہو جائے گی، جس سے علاقے کے عوام کو بہتر اور معیاری علاج میسر آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کینسر ہسپتال سے نہ صرف پنجاب بلکہ پورے پاکستان کے مریض مستفید ہوں گے۔

وزیر اطلاعات نے بتایا کہ مریم نواز ہیلتھ کلینک منصوبہ کامیابی سے جاری ہے، جس کے تحت عوام کو ان کی دہلیز پر ادویات فراہم کی جا رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے صحت اور امن و امان سے متعلق اپنے وعدے پورے کیے ہیں اور صوبے کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں دانتوں کے علاج کے لیے بھی جدید سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کے دوران عظمیٰ بخاری نے پنجاب اسمبلی میں پیش آنے والے بعض واقعات پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے عملے نے صحافیوں پر تشدد کیا اور انہیں دھکے دیے، جو قابل مذمت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز ایک اپوزیشن رکن کی جانب سے پریس گیلری میں صحافیوں کو ’بکاؤ میڈیا‘ کہنا صحافتی برادری کی توہین ہے۔

عظمیٰ بخاری نے اپوزیشن لیڈر کے اس الزام کو بھی مسترد کر دیا کہ انہوں نے لوگوں کو پلانٹ کیا تھا اور اسے جھوٹا اور بے بنیاد قرار دیا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اپنے خلاف جھوٹے الزامات پر وہ ہتکِ عزت کا دعویٰ دائر کریں گی اور بطور احتجاج ایوان سے واک آؤٹ بھی کریں گی۔