ویب ڈیسک: غیر قانونی آن لائن ٹریڈنگ و جوا ایپس کی تشہیر کا الزام، NCCIA نے یوٹیوبرز اور سوشل میڈیا انفلوئنسرز کو نوٹس جاری کر دیا۔
نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) لاہور زون نے چار یوٹیوبرز اور سوشل میڈیا انفلوئنسرز کو باضابطہ نوٹس جاری کرتے ہوئے طلب کر لیا ، ان پر الزام ہے کہ وہ غیر ریگولیٹڈ آن لائن ٹریڈنگ اور جوئے کی ایپلیکیشنز کے ذریعے مالیاتی اسکینڈل میں ملوث ہیں۔
NCCIA کے ترجمان کے مطابق، ان افراد نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ایسی ایپس کو فروغ دیا جو ریگولیٹری منظوری کے بغیر چل رہی تھیں، اور صارفین خصوصاً نوجوانوں کو سرمایہ کاری پر اکسانے کے ذریعے دھوکہ دیا۔
تحقیقات میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ ملزمان نے اپنے پلیٹ فارمز پر ان غیر لائسنس یافتہ ایپس کے ذریعے زیادہ منافع کے جھوٹے دعوے کیے، جس کے باعث عوام اپنی محنت کی کمائی سے محروم ہو گئے۔
جاری تحقیقات (Inquiry No. 4807/2025) میں جن افراد کو طلب کیا گیا ہے ان میں محمد انس علی، اقراء کنول، محمد حسین شاہ اور مدثر حسن شامل ہیں۔
NCCIA نے انہیں 2 ستمبر 2025 کو لاہور دفتر میں پیش ہونے کی ہدایت کی تاکہ وہ اپنا مؤقف پیش کر سکیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ’’اگر ملزمان پیش نہ ہوئے تو اسے ان کے پاس اپنے دفاع میں کہنے کو کچھ نہ ہونے کے مترادف سمجھا جائے گا۔‘‘