ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

شیخ رشید کی خود کشی کی کوشش، کتاب میں اہم انکشافات

شیخ رشید کی خود کشی کی کوشش، کتاب میں اہم انکشافات
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(سعید احمد سعید) شیخ رشید کی 352 صحفات پر مشتمل " لال حویلی سے اقوام متحدہ تک" کے عنوان سے لکھی جانے والی کتاب میں اہم انکشافات، شیخ رشید کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے پانامہ کیس اور شاہد خاقان عباسی کے ایل این جی کیس میرے دائر کیے ہوئے کیس میں اندر ہوئے، آٹھویں جماعت میں۔خود کشی کی کوشش کی مگر بھائی نے بچا لیا۔

شیخ رشید نے سیاست میں 50سال مکمل ہونے لکھی گئی اپنی کتاب میں اہم انکشافات کر دئیے، سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید احمد نے " لال حویلی سے اقوام متحدہ تک" کے عنوان سے لکھی جانے والی کتاب میں ملکی سیاست کا کٹھہ چھٹہ کھول کر رکھ دیا،   شیخ رشید احمد نے اپنی کتاب ' لال حویلی سے اقوام متحدہ تک' میں اپنی 50 سالہ سیاست کے متعدد اہم واقعات سے پردہ اٹھایا ہے۔

شیخ رشید کی352 صفحات کی کتاب میں 31 تصاویر اور 12 ابواب شامل ہیں۔ شیخ رشید نے اپنی کتاب میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے دور حکومت میں دھرنوں کے حوالے سے انکشاف کیاہے کہ دھرنے سے متعلق طاہر القادری اور عمران خان کے درمیان لندن میں معاملات طے پائے تھے، آزادی مارچ پر گوجرانوالہ میں حملہ ہوا تو عمران خان نے کنٹینر سے چوہدری نثار کو فون کیا، عمران خان اپنی تحریک طاہرالقادری کی تحریک سےالگ اور منفرد رکھنا چاہتے تھے۔

شیخ رشید نے کتاب میں لکھا ہے کہ 34 ارکان تحریک انصاف نے اسملبی سے استعفیٰ دیا تو سیاسی زلزلہ آگیا، قومی اسمبلی اور ٹی وی اسٹیشن جانے کا فیصلہ کنٹینر میں ہوا، جس سے جاوید ہاشمی متفق نہیں تھے لیکن عمران خان ہر حالت میں نواز حکومت گرانا چاہتے تھے، عمران خان نے انگلی اٹھانے کا اشارہ کیا تو میں نے اس وقت آئندہ ایسے اشارے نہ کرنے کا مشورہ دیا۔

انکا کہنا ہے کہ عمران خان جو فیصلہ کر لیں پھر وہ نتائج کی پرواہ کیے بغیر پیچھے نہیں ہٹتے، دھرنے میں عمران خان نے چینی سفیر کو پیغام بھیجا کہ چینی صدر پاکستان آئیں تو وہ راستہ کلیئر دیں گے۔ سینئر سیاست دان شیخ رشید لکھتے ہیں کہ جھوٹا الزام لگانا سیاست کی توہین سمجھتا ہوں، نواز شریف میری پٹیشن پر پاناما کیس میں نااہل ہوئے، سپریم کورٹ کے حکم سے شاہد خان عباسی کے خلاف ایل این جی کیس چیئرمین قومی احتساب بیورو(نیب) کو دیا۔
سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کے حوالے سے ان کا کہنا ہے کہ وہ  وردی کے بغیر صدر بننا چاہتے تھے، چوہدری برادران بینظیر بھٹو کو قومی مفاہمتی آرڈیننس (این آراو) دینے کے حق میں نہیں تھے، پرویزمشرف انہیں این آراونہ دیتے تو آج ان کایہ حال نہ ہوتا، وقت نے پرویز مشرف کا مؤقف غلط اور چوہدریوں کا درست ثابت کیا، سابق وزیراعظم محترمہ بینظیر بھٹو شہید سے متعلق شیخ رشید لکھتے ہیں کہ پیپلزپارٹی کی عدم پیروی کے باعث بینظیر کے حقیقی قاتل باعزت بری ہوئے، یہ درست نہیں کہ بینظیر کے قتل سے قبل آصف زرداری سے ان کے تعلقات کشیدہ تھے، بینظیر نے قتل سے 24 گھنٹے قبل جن شخصیات پر شک کا اظہار کیا ان کے خلاف مقدمہ درج نہیں ہوا۔

شیخ رشید نے لکھا ہےکہ پاکستان این پی ٹی پر دستخط کر لیتا تو امریکا ایٹمی تنصیبات گھیرے میں لے سکتا تھا، پرویز مشرف اور ڈاکٹر عبدالقدیر کی ملاقات میں معاملات خوش اسلوبی سے طے پا گئے تھے، ڈاکٹر عبدالقدیر نے ملاقات کے بعد جو بیان دیا وہ ان کا اپنا تھا جس پر وہ معذرت کر چکے ہیں۔

موجودہ وزیر ریلوے شیخ رشید نے مزید لکھا ہے کہ میں نے آٹھویں جماعت کی عمر میں خود کشی کی ناکام کوشش کی، مری کی سیر سے تاخیر سے گھر پہنچا، پٹائی ہوئی تو خودکشی کا ارادہ کیا۔ خود کشی کے لیے زہر نہ ملا تو بستر کی چادر پھندا بنا کر پنکھے سے لٹک گیا، شور مچانے پر بھائی نے کمرے کا دروازہ توڑ کر مجھے خودکشی سے بچایا۔ شیخ رشید کتاب کی تقریب رونمائی 6ستمبر کو لاہورمیں کریں.

Malik Sultan Awan

Content Writer