(شہزاد خان) بھارتی مظالم کیخلاف اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے شہر کی تاجر برادری بھی سڑکوں پر نکل آئی، تاجر برادری نے کشمیر بنے گاپاکستان کے نعرے لگائے اور کشمیری بھائیوں کیساتھ کھڑے رہنے کے مصمم عزم کا اظہار کیا۔
شہرکی تاجر برادری بھی کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے میدان میں آگئی، پاکستان ٹریڈرزالائنس کے مرکزی قائدین کے زیراہتمام لبرٹی گول چکر پر تاجروں کیساتھ ریلی نکالی گئی، مرکزی قائدین عرفان اقبال شیخ، محمدعلی نے کشمیریوں کے حق میں زبردست نعرے بازی کر کے تاجروں کا لہو گرمایا۔
لاہور چیمبر عہدیداران کی جانب سے چیمبر سے گورنر ہاؤس تک ریلی نکالی گئی، سینئرنائب صدر خواجہ شہزاد ناصر، نائب صدر فہیم الرحمن سیگل نے ریلی کی قیادت کی، سینکڑوں تاجر رہنماؤں اور صنعتکاروں نے ریلی میں شرکت کی۔
اچھرہ مارکیٹ، فوٹو کیمرہ مارکیٹ، برانڈرتھ روڈ کے تاجروں نے بھی کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلیاں نکالیں، صدر اچھرہ بازار حاجی اشفاق نے کہا کہ بھارت آرٹیکل تین سو ستر اور پینتیس اے ختم کر کے کشمیریوں کا الگ تشخص ختم نہیں کرسکتا۔
شہرکی تاجر برادری نے کشمیریوں کی مالی، سماجی، سیاسی حمایت جاری رکھنے اور کشمیر کی آزادی کیلئے تن من دھن کی قربانی دینے کے عزم کا اظہار کیا۔