ملک اشرف: رائے ونڈ روڈ پر ہاؤسنگ سوسائٹی کو بجلی کا کنکشن فراہم نہ کرنے کا معاملہ ، لاہورہائیکورٹ نے صارفین کے ڈیمانڈ نوٹس جمع کروانے کے باوجود بجلی کنکشن فراہم نہ کرنے پر اظہار برہمی کرتے ہوئے لیسکو چیف مجاہد پرویز چھٹہ کو کل ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق جسٹس شاہد وحید نے اسلامک ریسرچ سکالر کوآپریٹو سوسائٹی رائے ونڈ روڈ کی درخواست پر سماعت کی۔ایکسین لیسکو رائے ونڈ رانا عابد دلشاد اور مینجر پی ای ڈ ی لیسکو محمد نعیم جان اور سوسائٹی کے صدر محمد ایوب عدالت پیش ہوئے۔ لیسکو افسران نے بجلی کا 78 لاکھ کا ترمیمی بل جاری کرکے رپورٹ عدالت میں پیش کی ۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ لیسکو حکام کی جانب سے بھجوائے گئے ڈیمانڈ نوٹس کے مطابق مطلوبہ رقم بھی جمع کروادی۔تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کے باوجود سوسائٹی کو بجلی کا کنکشن بحال نہیں کیا جارہا۔درخواست گزارنے استدعا کی کہ عدالت لیسکو حکام کو بجلی کا کنکشن فراہم کرنے کا حکم دے ۔
لیسکو کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ٹیوب ویل کنکشن پر غیر قانونی طور پر گھروں کو بجلی کی سپلائی دی جارہی تھی ۔کمرشل کنکشن کو غیرقانونی استعمال پر منقطع کیا ۔ 2006 میں سوسائٹی کے لئے 55 لاکھ روپے کا ڈیمانڈ نوٹس دیا ۔ عدالت نے لیسکو افسران کے غیر تسلی بخش جواب پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ 2006 میں ڈیمانڈ نوٹس جمع کروایا گیا تو بجلی کا کنکشن فراہم کیوں نہیں کیا ۔قصور لیسکو افسران کا ہے ملبہ صارفین پر کیوں ڈال دیا جاتاہے ۔ عدالت نے لیسکو افسران کی کارکردگی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے 31 اگست کو لیسکو چیف مجاہد پرویز چٹھہ کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کاحکم دیا ۔