(ملک اشرف) وزیر اعظم عمران خان کے عہدے اور ان کے انتخاب کیخلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی گئی ہے جس میں یہ قانونی نکتہ اٹھایا گیا کہ وزیراعظم کے انتخاب کیلئے قومی اسمبلی کے ہر رکن کاووٹ کاسٹ کرنا ضروری ہے۔
تفصیلات کے مطابق لائرز فاؤنڈیشن فار جسٹس کے سربراہ اے کے ڈوگر ایڈووکیٹ نے وزیر اعظم عمران خان کو عہدے سے ہٹانے کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی، درخواست میں وفاقی حکومت، الیکشن کمیشن سمیت دیگرکو فریق بناتے ہوئے وزیر اعظم کے انتخاب پر اعتراضات اٹھائے گئے ہیں۔
درخواستگزار نے نشاندہی کی ہے کہ وزیر اعظم کے انتخاب کیلئے ملک کی دو بڑی سیاسی جماعتوں پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی کے ارکان نے قومی اسمبلی میں موجودگی کے باوجود ووٹ نہیں دیئے جبکہ قانون کے مطابق وزیر اعظم کے انتخاب کیلئے قومی اسمبلی کے ہر ر کن کا ووٹ دیناضروری ہے لیکن انہیں 69 ووٹوں کے بغیر ہی وزیر اعظم منتخب کیا گیا ہے جو قانون کی منشا کے منافی ہے۔
درخواستگزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ عمران خان کو وزیر اعظم منتخب کرنے کا اقدام غیر آئینی قرار دیا جائے۔
واضح رہے کہ چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ کی منظوری کے بعد درخواست کوعدالت میں سماعت کے لئےمقرر کیا جائے گا۔