(بابر شہزاد تُرک) وفاقی بیوروکریسی میں اہم تقرر و تبادلے کئے گئے ہیں، فیڈرل پبلک سروس کمیشن، پنجاب حکومت، ایف آئی اے اور مختلف وزارتوں، ڈویژنز سے متعدد سول و پولیس افسران کے تقرر و تبادلے کئے گئے ہیں.
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ مختلف نوٹیفکیشنز کے مطابق سیکریٹری، بحری امور ڈویژن ظفر علی شاہ کا تبادلہ کر کے انہیں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ سیکریٹری وزارت تعلیم ندیم محبوب کو سیکریٹری بحری امور ڈویژن کا اضافی چارج تفویض کیا گیا ہے، دریں اثناء وفاقی حکومت نے میجر جنرل (ر) محمد کاشف آزاد، ہلالِ امتیاز (ملٹری) کو ممبر، فیڈرل پبلک سروس کمیشن مقرر کیا ہے، صدرِ پاکستان کی منظوری کے بعد اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق تقرری 3 سال کی مدت یا پھر 65 سال کی عمر مکمل ہونے تک (جو بھی پہلے ہو) مؤثر رہے گی اور تقرری کی مدت کا اطلاق عہدہ سنبھالنے کی تاریخ سے ہو گا.
دیگر نوٹیفکیشنز کے مطابق جوائنٹ سیکریٹری آئی ٹی ڈویژن نذیر احمد کو او ایس ڈی بنا دیا گیا جبکہ ڈپٹی سیکریٹری وزارت صنعت و پیداوار علی قائم کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، مزید برآں، ڈپٹی سیکریٹری دفاع ڈویژن ناصر درانی کی خدمات بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے سپرد کی گئی ہیں جبکہ سیکشن افسر محمد ممتاز کا اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سے مذہبی امور ڈویژن، سیکشن افسر عدیل اسلم کا داخلہ ڈویژن سے دفاعی پیداوار ڈویژن اور سیکشن افسر یوسف علی کا دفاعی پیداوار ڈویژن سے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن تبادلہ کیا گیا ہے،
اس کے علاوہ تقرری کے منتظر رامیش حسن رانا سیکشن افسر وفاقی تعلیم ڈویژن، تقرری کے منتظر اشفاق احمد پنہوار سیکشن افسر کابینہ ڈویژن، ہارون ارشد میاں اور اسد حسین سیکشن آفیسرز اسٹیبلشمنٹ ڈویژن تعینات کئے گئے ہیں جبکہ تقرر کی منتظر انعم گلریز میر کا بطور سیکشن افسر وفاقی تعلیم ڈویژن تبادلہ منسوخ کر دیا گیا ہے، دوسری جانب پولیس سروس آف پاکستان کے افسران کے کئے گئے تقرر و تبادلوں کے احکامات کے مطابق پولیس سروس، گریڈ 20 کے محمد عبدالقادر قمر کا ایف آئی اے سے پنجاب حکومت اور پنجاب حکومت میں تعینات پولیس سروس، گریڈ 19 کے رانا عمر فاروق کا تبادلہ کر کے ان کی خدمات اسلام آباد پولیس کے سپرد کی گئی ہیں، جبکہ تقرر کے منتظر پولیس سروس، گریڈ 19 کے فیصل مختار کی خدمات پنجاب حکومت کے سپرد کی گئی ہیں۔