ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

ٹوکیو :ہائی اسکول طلبہ پر ہتھوڑے سے حملہ،ملزم پولیس پر اسپرے چھڑک کر فرار

ٹوکیو :ہائی اسکول طلبہ پر ہتھوڑے سے حملہ،ملزم پولیس پر اسپرے چھڑک کر فرار
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)جاپان کے دارالحکومت  ٹوکیو میں ایک 44سالہ شخص نے 2 ہائی اسکول کے طلبہ پر ہتھوڑے سے حملہ کر دیا اور بعد میں پولیس پر اسپرے چھڑک کر فرار ہو گیا۔ واقعے میں چند افراد زخمی ہوئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹوکیو میں ایک تشویشناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک شخص نے ہائی اسکول کے دو طلبہ پر ہتھوڑے سے حملہ کر دیا اور بعد ازاں پولیس اہلکاروں پر نامعلوم اسپرے چھڑک کر موقع سے فرار ہو گیا۔ یہ واقعہ بدھ کی صبح شہر کے مغربی علاقے فوسا کی ایک سڑک پر پیش آیا، جس نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا۔ حملے میں ایک طالب علم کے چہرے پر چوٹ آئی جبکہ دوسرے طالب علم کے کندھے پر زخم آئے۔ دونوں زخمی طلبہ کو فوری طور پر طبی امداد فراہم کی گئی اور ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق حملہ آور کی عمر تقریباً44 برس کے قریب ہے اور وہ اچانک طلبہ پر ٹوٹ پڑا۔
ٹوکیو پولیس کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعے کی شروعات اس وقت ہوئی جب حملہ آور کی والدہ نے سڑک پر کھڑے طلبہ کو خاموش رہنے کے لیے کہا، تاہم طلبہ نے گفتگو جاری رکھی۔ اس بات پر مشتعل ہو کر ملزم نے ہتھوڑا اٹھایا اور دونوں طلبہ پر حملہ کر دیا۔ واقعے کے فوراً بعد ایک مقامی رہائشی نے ایمرجنسی نمبر پر فون کر کے اطلاع دی کہ ایک شخص ہتھوڑے کے ساتھ لوگوں پر حملہ کر رہا ہے۔پولیس موقع پر  ملزم کی والدہ سے بات چیت کر رہی تھی کہ اسی دوران حملہ آور نے گھر سے لایا گیا چاقو نکال کر پولیس کو دھمکانے کی کوشش کی۔ اس کے بعد اس نے پولیس اہلکاروں پر ایک نامعلوم اسپرے چھڑک دیا، جس کے نتیجے میں تین اہلکار متاثر ہوئے۔
مقامی پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کے گھر پر چھاپہ مارا، جہاں سے ہتھوڑا، چاقو اور اسپرے برآمد ہوا، تاہم ملزم وہاں موجود نہیں تھا۔ بعد میں سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ سے معلوم ہوا کہ وہ گھر کے پچھلے دروازے سے فرار ہو گیا تھا۔ پولیس نے قتل کی کوشش کا مقدمہ درج کر کے ملزم کی تلاش شروع کر دی ہے۔یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب حالیہ مہینوں میں جاپان میں تشدد کے چند واقعات نے عوامی تحفظ پر سوالات کھڑے کیے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ موجودہ واقعے کی ہر زاویے سے جانچ کی جا رہی ہے اور جلد ہی ملزم کو گرفتار کر لیا جائے گا۔