ملک اشرف : لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے ورکرز کنونشن کی اجازت کے لیے دائر درخواست پر رجسٹرار آفس کی جانب سے درخواست کے قابلِ سماعت ہونے سے متعلق اعتراض کو برقرار رکھتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔
جسٹس فاروق حیدر نے پی ٹی آئی کارکن اکمل خان کی جانب سے دائر درخواست کی بطور اعتراض کیس سماعت کی ۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ رزاق اسٹیڈیم، ڈگری کالج شاہدرہ میں 25 اپریل کو ورکرز کنونشن کے انعقاد کی اجازت دی جائے۔دورانِ سماعت پنجاب حکومت کی جانب سے اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل محمد فرخ خان پیش ہوئے۔ انہوں نے عدالت کو آگاہ کیا کہ درخواست گزار کی جانب سے اسی نوعیت کی درخواست پر 24 اپریل کو فیصلہ ہو چکا ہے اور ڈپٹی کمشنر کی جانب سے جلسہ کرنے کی اجازت مسترد کی جا چکی ہے۔
اس موقع پر درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ اب وہ 16 مئی کو کنونشن کے انعقاد کے لیے اجازت چاہتے ہیں۔ جس پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ نئی تاریخ کے لیے نئی درخواست دائر کرنا ہوگی، کیونکہ موجودہ درخواست میں نئی تاریخ کا کوئی ذکر موجود نہیں۔عدالت نے مزید نشاندہی کی کہ درخواست گزار کی موجودہ درخواست تکنیکی بنیادوں پر قابلِ سماعت نہیں، جس پر رجسٹرار آفس کا اعتراض برقرار رکھا گیا اور درخواست کو نمٹا دیا گیا۔