ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

سرکاری ملازمین کا احتجاج، تنخواہوں میں 100فیصد اضافے کا مطالبہ

سرکاری ملازمین کا احتجاج، تنخواہوں میں 100فیصد اضافے کا مطالبہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: بڑھتی مہنگائی کے خلاف سرکاری ملازمین کا غصہ کھل کر سامنے آ گیا، جہاں راولپنڈی میں بڑی تعداد میں ملازمین نے اپنے مطالبات کے حق میں سڑکوں پر احتجاج کیا۔ مظاہرین نے حکومت سے فوری ریلیف دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے سخت نعرے بازی بھی کی۔

راولپنڈی پریس کلب کے باہر آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن (ایپکا) کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں مختلف سرکاری اداروں کے ملازمین نے شرکت کی۔ مظاہرین نے تنخواہوں میں فوری طور پر 100 فیصد اضافے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ مہنگائی میں گزارا مشکل ہو چکا ہے۔

ایپکا کے رہنما چوہدری بشیر احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے نے ملازمین کو شدید مالی دباؤ میں مبتلا کر دیا ہے، اس لیے فوری طور پر تنخواہوں میں خاطر خواہ اضافہ کیا جائے۔

ملازمین کی جانب سے یہ مطالبہ بھی سامنے آیا کہ کنوینس، میڈیکل اور ہاؤس رینٹ الاؤنسز میں بھی مہنگائی کے تناسب سے اضافہ کیا جائے تاکہ ریلیف مل سکے۔

اس موقع پر ایپکا رہنما چوہدری ریاض نے کہا کہ حکومت پنجاب ملازمین کے مسائل حل کرنے میں سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کر رہی۔ انہوں نے پنشن اصلاحات پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ ملازمین کے حقوق پر کسی قسم کا سمجھوتہ قبول نہیں کیا جائے گا۔

ایپکا نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری مذاکرات شروع کیے جائیں اور ملازمین کے جائز مطالبات تسلیم کر کے انہیں ریلیف فراہم کیا جائے۔