(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان پیپلزپارٹی نے مسجد نبویﷺ کے واقعے کے خلاف آج سندھ بھر میں احتجاج کا اعلان کردیا۔
پیپلز پارٹی رہنما نثار کھوڑو نے مسجد نبویﷺ کے واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان اور اس کی ٹیم اقتدار جانے کے بعد ہوش و حواس کھو بیٹھی ہے، عمران خان کا ایجنڈا اقتدار، جھوٹ، انتشار، فساد اور عوام کی بربادی کرنا ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ مسجد نبوی ﷺ کی توہین کے خلاف آج سندھ میں احتجاج ہوگا، ریاست مدینہ کی دعویدار پی ٹی آئی مدینہ میں کھڑے ہوکر مدینہ کی بے حرمتی کر رہی ہے، دوسروں کو چور کہنے والے عمران خان سب سے بڑے مکار اورڈاکو ہیں۔
واضح رہے کہ دو روز قبل مسجد نبوی ﷺ میں وفاقی وزراء کی موجودگی کے موقع پر ناخوشگوار واقعہ پیش آیا جس میں کچھ افراد نے چور چور کےنعرے لگائے اور مریم اورنگزیب کو گالیاں دیں۔
اس کے علاوہ وفاقی وزیر شاہ زین بگٹی کے بال بھی کھینچے گئے جبکہ اس نعرے بازی میں پی ٹی آئی کے رہنما اور عمران خان کے سابق مشیر صاحبزادہ جہانگیر بھی پیش پیش تھے تاہم صاحبزادہ جہانگیر نے تردید کی ہے۔
مسجد نبویﷺ واقعے کے بعد پاکستانی عوام میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے اور سوشل میڈیا پر تحریک انصاف اور سابق وزراء کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔