ویب ڈیسک:پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی باصلاحیت اداکارہ سیمی زیدی وہ نام ہے جس نے 1990 کی دہائی میں اپنی شاندار اداکاری سے ناظرین کے دلوں میں خاص مقام بنایا۔
ڈرامہ سیریل ”آشیانہ“ میں ”سپنا“ کے کردارسے شہرت کی بلندیوں کو چھونے والی اس اداکارہ کے دیگر مشہور ڈراموں میں ”کشکول“، ”تنہا تنہا“ شامل ہیں جنہوں نے انہیں پاکستان ٹیلی ویژن کی پہچان بنا دیا۔
ٹی وی کے ساتھ ساتھ، سیمی زیدی نے فلمی دنیا میں بھی اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے۔ فلموں ”گناہ“, ”دھڑکن“ اور ”دنیا دس نمبری“ میں ان کی جاندار پرفارمنس کو خوب سراہا گیا۔ اس کے علاوہ تھیٹر میں ان کا ڈرامہ ”شرطیہ مٹھے“ ایک کامیاب فیملی پلے ثابت ہوا، جسے بین الاقوامی سطح پر بھی پذیرائی حاصل ہوئی۔
قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ سیمی زیدی مشہور پاکستانی اداکارہ تانی بیگم کی صاحبزادی ہیں، جو 1970 کی دہائی میں اپنے وقت کی صفِ اول کی فنکارہ تھیں۔
سیمی زیدی نے اپنے کیریئر کے عروج پر میڈیا انڈسٹری کو خیرباد کہا اور شادی کے بعد امریکہ منتقل ہو گئیں، جہاں وہ اپنی والدہ، شوہر اور بچوں کے ساتھ خوش و خرم زندگی گزار رہی ہیں۔

سیمی زیدی نے نومبر 2010 میں شادی کی اور اب وہ دو خوبصورت بچوں کی ماں ہیں۔

سوشل میڈیا پر اکثر اپنی خاندانی زندگی، یادگار لمحات اور تصویریں شیئر کرتی ہیں، جو ان کے چاہنے والوں کے لیے خوشی کا باعث بنتی ہیں۔

