(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی حکومت نے پی ٹی آئی لانگ مارچ کے باعث اسلام آباد کے ریڈ زون کو زیرو پوائنٹ تک توسیع دے دی ۔
سپریم کورٹ کی جانب سے تحریک انصاف کو اسلام آباد میں لانگ مارچ اور دھرنے کی اجازت دے رکھی ہے، تاہم عدالتی حکم کے مطابق پی ٹی آئی کی قیادت یا کارکنان ریڈ زون میں داخل نہیں ہوسکتے۔
گزشتہ روز چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے بھی ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ 26 سال سے سیاست میں ہوں، ہم سے زیادہ کسی نے احتجاج نہیں کیا ہوگا، 120 دن کا دھرنا دیا، تاریخ ہے ہم ہمیشہ پرامن، آئین اور قانون کے اندر رہ کر احتجاج کرتے ہیں، عدالت نے جو لائنز دیں ان پر رہیں گے، ریڈ زون میں نہیں جائیں گے۔
اب دوسری جانب وفاقی حکومت نے لانگ مارچ کے لئے اسلام آباد کے ریڈ زون کو زیرو پوائنٹ تک توسیع دے دی ہے، جہاں حکومت کی جانب سے دفعہ 144 نافذ رہے گی۔
حکومت کی جانب سے زیڈ زون میں شامل کئے گئے علاقوں میں زیرو پوائنٹ تک کا علاقہ، فیصل ایونیو، مارگلہ روڈ، بری امام اور ففتھ ایونیو شامل ہے، ان تمام علاقوں کو بھی ریڈ زون کا حصہ قرار دے دیا گیا ۔
حکومت کی جانب سے ریڈ زون کا حصہ قرار دئیے گئے تمام علاقوں میں دفعہ 144 نافذ رہے گی اور توسیع شدہ علاقے میں بھِی ریلی ،جلسے یا اجتماع کی اجازت نہیں ہوگی۔