ویب ڈیسک: پاکستانی روپیہ رواں ہفتے دیگر کرنسیوں کے مقابلے میں مزید کمزور ہوگیا جب کہ ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے ملنے والے 1.5 ارب ڈالر بھی روپے کو سہارا نہیں دے سکے۔
نجی ٹی وی کے مطابق رواں ہفتے زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں ڈالر، پاؤنڈ، یورو اور ریال کی اڑان بلند رہی اور انٹربینک میں ڈالر کی قیمت 222 روپے سے تجاوز کرگئی۔ ہفتے کے دوران انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں 1.63 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے نتیجے میں ڈالر 222.46 روپے پر پہنچ گیا۔
اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 227 روپے سے بڑھ گئی۔
ہفتے کے دوران اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں 2.60 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے نتیجے میں ڈالر کی قدر 227.50 روپے تک پہنچ گئی۔ برطانوی پاؤنڈ کے انٹربینک ریٹ 9.10 روپے بڑھ کر 256.15 روپے ہوگئے جب کہ اوپن مارکیٹ میں برطانوی پاؤنڈ کی قدر 11.25 روپے اضافے سے 261.50 روپے ہوگئی۔
انٹربینک میں یورو کرنسی کی قدر 4.95 روپے بڑھ کر 221.19 روپے اور اوپن مارکیٹ میں 7.05 روپے اضافے سے 225.70 روپے ہوگئی۔ سعودی ریال کی انٹربینک قیمت 44 پیسے بڑھ کر 59.20 روپے کی سطح پر آگئی جب کہ اوپن مارکیٹ میں 70 پیسے اضافے سے 60.40 روپے ہوگئی۔