(مانیٹرنگ ڈیسک) سپریم کورٹ نے ریلوے کی زمین پر قائم بلڈنگ تجوری ہائٹس کو گرانے کے لیے چار ہفتوں کی مہلت دے دی۔
سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں ریلوے کی زمین پرتعمیر ہونے والے تجوری ہائٹس سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی جس سلسلے میں تجوری ہائٹس کے بلڈر کے وکیل رضا ربانی عدالت میں پیش ہوئے۔
رضا ربانی نے عدالت سے کہا کہ بلڈر تجوری ہائٹس کی عمارت گرانے پر رضا مند ہیں لیکن مناسب وقت دیا جائے اس پر چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ دو ہفتوں کی مہلت دے رہے ہیں تجوری ہائٹس گرادیں اس پر رضا ربانی کا کہنا تھا کہ دو ہفتوں کا ٹائم بہت کم ہے۔
عدالت نے تجوری ہائٹس کے وکیل کی استدعا پر بلڈنگ کو گرانے کرنے کے لیے چار ہفتوں کی مہلت دی اور متاثرین کو تین ماہ میں رقم واپس کرنےکا حکم دیا۔
عدالت کا کہنا تھا کہ کمشنر کراچی ڈیمولیشن کے عمل کی نگرانی کریں، تمام ریکارڈ درخواست گزار کے حوالےکریں اور اس کی فہرست بھی بنائیں جب کہ سامان کی فہرست آئندہ سماعت پر رپورٹ کے ساتھ پیش کی جائے۔