(علی رامے) سروسز ہسپتال میں نیا وسیع ایمرجنسی بلاک بنانے کا فیصلہ، موجودہ ایمرجنسی بلاک مسمار کرنے کی تیاریاں شروع، موجودہ ایمرجنسی بلاک دوسری جگہ شفٹ کیا جائیگا، محکمہ صحت نے آئی ڈیپ کو ذمہ داری سونپ دی۔
ذرائع کے مطابق سروسز ہسپتال میں مریضوں کو ہنگامی بنیادوں پر طبی سہولیات دینے کیلئے پنجاب حکومت وسیع پیمانے پر کام شروع کرنے جا رہی ہے۔ سروسز ہسپتال میں بڑھتے ہوئے ایمرجنسی کے کیسز کو مدنظر رکھتے ہوئے موجودہ بلاک کو مسمار کر کے یہاں نیا ایمرجنسی بلاک تعمیر کیا جائے گا، جس میں بیڈز کی تعداد کیساتھ ساتھ انتہائی نگہداشت کے بیڈز میں بھی اضافہ کیا جائے گا۔
اس پروگرام کیلئے آئی ڈیپ اتھارٹی کو ذمہ داری دے دی گئی ہے، جو سروسز ہسپتال میں نئے ایمرجنسی بلاک کا تخمینہ بھی لگائے گی،موجودہ ایمرجنسی بلاک ہسپتال کے اندر کسی دوسری جگہ پر عارضی طور پر شفٹ کیا جائے گا۔حکام کے مطابق سروسز ہسپتال کا ایمرجنسی بلاک وسیع اور جدید طرزپر بنایا جائے گا۔
واضح رہےکہ کچھ روز قبل پرنسپل سمزسروسزہسپتال میں نئے بنائے جانے والےعبدالرحیم خان ڈائلیسزسنٹر کے سول ورک کا افتتاح کیا تھا، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پرنسپل سمز پروفیسر محمود ایاز کا کہنا تھا کہ یہاں 36 نئی مشینیں نصب ہو جانے کے بعد روزانہ 150 سے زائد افراد کو مفت ڈائلیسز کی سہولیات فراہم کی جائیں گی، تین ماہ میں ڈیپارٹمنٹ کو مکمل فنکشنل کر دیا جائے گا۔