سٹی 42: عید کے تیسرے دن عوام کے لئے تحفہ ؛وفاقی حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا فیصلہ کرلیا ۔
اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے قوم سے وعدہ کیا تھا کہ جیسے ہی گنجائش پیدا ہو گی، عوام کو ریلیف دیا جائے گا۔اس وعدے پر ہو بہو عمل کیا گیا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا پٹرول کی قیمت میں 22 روپے کمی اور ڈیزل کی قیمت میں بھی 22 روپے کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔عوام کو ریلیف دینا میری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
پچھلے ہفتے بھی عوام کو ریلیف دیا گیا اور پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کی گئی تھی۔
وفاقی حکومت نے سخت ترین حالات میں بھی عوام کے لئے ریلیف کا سلسلہ جاری رکھا اور پبلک/گڈز ٹرانسپورٹ اور موٹر سائیکل اور رکشہ استعمال کرنے والوں کے لئے فیول پر سبسڈی دی ۔جب خطے کے دوسرے ممالک میں پیٹرول حاصل کرنے کے لئے قطاریں لگی ہوئی تھیں، پاکستان میں وزیراعظم کے بر وقت اقدامات کی بدولت عوام کو پیٹرول اور ڈیزل دستیاب تھا۔جب دنیا میں تیل کا بد ترین بحران تھا، اس دوران عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود وزیراعظم کی جانب سے 130 روپے سے زائد کی سبسڈی دے کر تیل کی قیمتوں میں اضافے کو روکا گیا اور سبسڈی کی مد میں بھی عوام کو ریلیف مہیا کیا گیا۔
پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 22روپے فی لیٹر کمی سے پٹرول کی نئی قیمت381روپے78پیسے ہو جائے گی۔
ڈیزل 22روپے کمی کے بعد 380روپے78پیسے لیٹر ہو جائےگا۔پٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12بجے ہوگا