ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

سرکاری ملازمین کیلئے تاحیات پینشن سکیم

سرکاری ملازمین کیلئے تاحیات پینشن سکیم
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی42: سٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن  نے تمام ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کے لیے تاحیات پینشن پراڈکٹ متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے، رواں سال کارپوریشن اپنے پالیسی ہولڈرز کو تاریخ کا سب سے بڑا بونس بھی دے گی۔ 

 یہ بات سٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن کے سی ای او شعیب جاوید حسن نے کہی،  اس موقع پر سٹیٹ لائف انشورنس کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر آفتاب امام بھی موجود تھے۔

 شعیب جاوید حسن نے بتایا کہ مجوزہ پینشن اسکیم کا خاکہ ایک ماہ میں تیار ہوجائے گا جس کی منظوری حاصل کرنے کے لیے سمری وفاقی حکومت کو ارسال کردی جائے گی، ریٹائرڈ ملازمین کے لیے مجوزہ پینشن اسکیم سے 70سال کی عمر سے زائد افراد بھی  استفادہ کرسکیں گے اس ضمن میں کارپوریشن نے سیکیورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن آف پاکستان سے وی پی ایس لائسنس بھی حاصل کرلیا ہے توقع ہے کہ مجوزہ پینشن اسکیم رواں سال ہی متعارف کرادی جائے۔

 سی ای او نے بتایا کہ ادارہ سندھ حکومت کے اشتراک سے سندھ میں پرائمری ہیلتھ کیئر کے منصوبوں پر بھی کام کررہا ہے اور اس سلسلے میں وزیراعلی سندھ کی سربراہی میں ایک ورکنگ گروپ سرگرم عمل ہے۔

 ایک سوال کے جواب میں شعیب جاوید حسین نے بتایا کہ کارپوریشن کی گروپ انشورنس کی نمو انتہائی حوصلہ افزاء ہے جبکہ مناسب قیمت اور سہولیات کی وجہ سے کارپوریٹ ہیلتھ میں بھی زبردست پذیرائی مل رہی ہے اسی طرح تکافل پراڈکٹس کی گروتھ بھی حوصلہ افزا ہے۔

 ایک اور سوال کے جواب  میں انہوں نے بتایا کہ میڈیا ورکرز کے لیے متعارف کردہ ہیلتھ کارڈ اسکیم سے خیبر پختونخواہ اور پنجاب کے صحافی بھرپور انداز میں مستفید ہورہے البتہ کراچی کے صحافیوں کی جانب سے ہیلتھ کارڈز کا استعمال انتہائی محدود ہے اس سلسلے میں اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن کراچی پریس کلب کے اشتراک سے صحافیوں کی آگاہی کے باقاعدہ مہم شروع کرے گی۔