شہباز شریف کی نیب پیشی کے حوالے سے حفاظتی اقدامات مکمل

شہباز شریف کی نیب پیشی کے حوالے سے حفاظتی اقدامات مکمل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( سعود بٹ ) قومی احتساب بیورو لاہور نے قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی دو جون کو پیشی کیلئے تمام حفاظتی اقدامات مکمل کر لئے، کورونا وباء کے پیش نظر تحقیقاتی ٹیم اور شہباز شریف کے درمیان ٹیبل پر گلاس وال نصب کردی گئی۔

نیب لاہور نے آمدن سے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کیس میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو 2 جون کو طلب کر رکھا ہے۔ اس حوالے سے جاری نیب اعلامیہ کے مطابق کورونا وبا کے پیش نظر تمام انٹرویو رومز کو باقاعدگی سے جراثیم کش سپرے سے صاف کیا جا رہا ہے۔

نیب انویسٹی گیشن ٹیم کے ممبران سوال جواب کے دوران شہباز شریف سے سماجی فاصلہ رکھیں گے۔ ایس او پیز کے تحت شہباز شریف کو مفصل سوالنامہ گزشتہ پیشی پر فراہم کیا گیا تھا اور مناسب وقت بھی دیا گیا۔

شہباز شریف کی خواہش پر انہیں زیادہ وقت فراہم کیا گیا تاکہ بیرون ملک سے مطلوبہ ریکارڈ حاصل کر سکیں۔ نیب نے واضح کیا ہے کہ شہباز شریف کی نیب پیشی سے متعلق چند مفروضے پھیلائے جا رہے ہیں جو حقائق پر مبنی نہیں۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ چیئرمین نیب کی ہدایات کے مطابق نیب تمام میگا کرپشن مقدمات کو جلد از جلد مکمل کرنے کیلئے کوششیں تیز تر کر رہا ہے۔