ویب ڈیسک: معروف پاکستانی یوٹیوبر اور ڈیجیٹل انفلوئنسر معاذ صفدر نے تنازعات میں الجھے یوٹیوبر رجب بٹ کو ایک اہم مشورہ دے دیا ۔
پاکستان میں اپنے منفرد کانٹینٹ اور کامیاب ڈیجیٹل کیریئر کی وجہ سے مقبول معاذ صفدر نے ایک پوڈکاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی جہاں ان سے رجب بٹ کے حالیہ تنازعات کے بارے میں سوال کیا گیا۔
معاذ صفدر نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ‘رجب بٹ ایک محنتی شخص ہیں اور ان کی محنت کو میں بہت سراہتا ہوں۔ وہ کامیاب یوٹیوبر بن چکے ہیں اور ان کے فالوورز کی تعداد بھی خاصی متاثر کن ہے لیکن انہیں اب اس بات کو ذہن نشین کرنا چاہیے کہ تنازعات میں الجھنے سے ان کے فالوورز کی تعداد میں کمی آ سکتی ہے۔‘
معاذ صفدر نے مزید کہا کہ ‘رجب بٹ کو اب نئے کانٹینٹ تخلیق کرتے وقت بہت احتیاط کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ ایک کامیاب انفلوئنسر بننے کے بعد آپ پر ایک بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے اور فالوورز کی تعداد کو سنبھالنا اتنا ہی اہم ہے جتنا کہ اسے بڑھانا۔‘
معاذ صفدر کا رجب بٹ کو مشورہ دیتے ہوئے کہنا تھا کہ ‘انہیں اپنے فالوورز کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے محتاط اور ذمہ دارانہ رویہ اپنانا چاہیے تاکہ وہ اپنی محنت سے حاصل کی گئی کامیابی کو برقرار رکھ سکیں۔
یاد رہے کہ معاذ صفدر نے ٹک ٹاک سے آغاز کیا اور پھر یوٹیوب پر اپنی روزمرہ کی زندگی کے بلاگز کے ذریعے مقبولیت حاصل کی۔ ان کے یوٹیوب چینل پر 4.5 ملین سے زائد سبسکرائبرز ہیں اور انسٹاگرام پر بھی ان کے دو ملین سے زیادہ فالوورز ہیں۔
معاذ کی ڈیجیٹل کامیابی میں ان کی سادگی اور حقیقی زندگی کے موضوعات پر مبنی مواد کا اہم کردار رہا ہے۔ وہ اپنی ویڈیوز کے ذریعے نہ صرف تفریح فراہم کرتے ہیں بلکہ نوجوان نسل کو مثبت پیغام بھی دیتے ہیں۔