دہشتگردی کے باوجود ملک میں انتخابات ہوتے رہے ہیں:چیف جسٹس

دہشتگردی کے باوجود ملک میں انتخابات ہوتے رہے ہیں:چیف جسٹس
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(مانیٹرنگ ڈیسک) جسٹس منیب اختر نے ریمارکس دیے ہیں کہ اختلافی نوٹ میں کہیں نہیں لکھا کہ فیصلہ 4/3 کا ہے، اقلیت کسی قانون کے تحت خود کو اکثریت کا دعویٰ نہیں کر سکتی، موجودہ سیاسی ماحول میں پرامن انتخابات نہیں ہوسکتے، پنجاب میں بھی خطرات بتائے گئے ہیں، 8 اکتوبر کو حالات پر امن ہونے کی کون گارنٹی دے سکتا ہے۔

چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے پانچ رکنی بنچ نے پنجاب اور کے پی کے انتخابات ملتوی کرنے کیخلاف عمران خان کی درخواست کی سماعت کی, ن لیگ، پیپلز پارٹی اور جے یوآئی ف نے کیس میں پارٹی بننے کی متفرق درخواست دائر کردی۔

فل کورٹ بنانے کی درخواست

پیپلز پارٹی کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ جسٹس جمال کے ریمارکس کےبعد فل کورٹ بنائی جائے۔

جسٹس جمال نے کہا کہ فل کورٹ کیوں ؟ وہی 7 ججز بنچ میں بیٹھنے چاہئیں۔فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ پہلے فیصلہ کریں کہ 4/ 3 کا یا 3/2 کا فیصلہ تھا، ساری قوم ابہام میں ہے۔

فیصلہ چار ججز کا ہے

جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ چار ججز نے پی ٹی آٸی کی درخواستیں خارج کیں، ہمارے حساب سے فیصلہ چار ججز کا ہے، چیف جسٹس نے آج تک آرڈر آف دا کورٹ جاری نہیں کیا، جب آرڈر آف کورٹ نہیں تھا تو صدر مملکت نے تاریخ کیسے دی، جب آرڈر آف کورٹ نہیں توالیکشن کمیشن نے شیڈول کیسے دیا؟، الیکشن کمیشن نے کس حکم کے تحت فیصلے پر عملدرآمد کیا؟

فیصلہ 3/2 کا تھا

الیکشن کمیشن کے وکیل سجیل سواتی نے جواب دیا کہ الیکشن کمیشن نے یکم مارچ کے فیصلے پر عملدرآمد کیا،   الیکشن کمیشن کی سمجھ کے مطابق فیصلہ 3/2 کا تھا، عدالتی حکم کے بعد الیکشن کمیشن نے صدر سے رجوع کیا ، صدر مملکت نے تیس اپریل کی تاریخ دی، کمیشن نے تاریخ مقرر کرنے کے بعد شیڈول جاری کیا اور انتخابات کی تیاریاں شروع کردی، آرٹیکل 224 کےتحت الیکشن 90 روز میں ہونا ہیں، عدالتی آرڈر میں لکھا ہے کہ فیصلہ 3/2 سے ہے، 3/2 والے فیصلے پر پانچ ججز کے دستخط ہیں، کمیشن نے فیصلے کے پیراگراف 14 اور ابتداء کی سطروں کو پڑھ کر عمل کیا، ممکن ہے کہ ہمارے سمجھنے میں غلطی ہوئی ہو۔

اقلیت خود کو اکثریت میں ہونے کا دعویٰ نہیں کر سکتی

جسٹس منیب اختر نے ریمارکس دیے کہ کیا مختصر حکم نامے میں لکھا ہے کہ فیصلہ 4/3 کا ہے، یکم مارچ کے اختلافی نوٹ میں کہیں نہیں لکھا کہ فیصلہ 4/3 کا ہے، اختلاف رائے جج کا حق ہے، مگر اقلیت کسی قانون کے تحت خود کو اکثریت میں ہونے کا دعویٰ نہیں کر سکتی، کھلی عدالت میں پانچ ججز نے مقدمہ سنا اور فیصلے پر دستخط کیے۔

کیا جسٹس یحییٰ اور جسٹس اطہر کے فیصلے ہوا میں تحلیل ہوگئے؟

 جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ مختصر حکم نامے میں لکھا ہے کہ اختلافی نوٹ لکھے گئے ہیں، اختلافی نوٹ میں واضح لکھا ہے کہ جسٹس یحییٰ آفریدی اور اطہر من اللہ ہمارے فیصلے سے متفق ہیں، کیا جسٹس یحییٰ آفریدی اور جسٹس اطہر من اللہ کے فیصلے ہوا میں تحلیل ہو گئے۔

وکیل الیکشن کمیشن نے کہا کہ الیکشن سے متعلق آرڈر 22 مارچ کی شام کو جاری کیا، الیکشن کمیشن نے فوج رینجرز اور ایف سی کو سکیورٹی کے لیے خط لکھے، فوج نے الیکشن کمیشن کو جوان دینے سے انکار کیا، ایجنسیوں نے الیکشن کمیشن کو خفیہ رپورٹس دیں ، جن میں بھکر میانوالی میں ٹی ٹی پی سندھو دیش مختلف کالعدم تنظیموں کی موجودگی ظاہر کی گئی، ہمیں دو لاکھ 97 ہزار سکیورٹی اہلکاروں کی کمی کا سامنا ہے، وزارت داخلہ نے بھی 8 فروری کے خط میں امن و امان کی خراب صورتحال کا کہا، وزارت خزانہ نے بتایا کہ موجودہ مالی سال میں الیکشن کے لیے فنڈز جاری نہیں کر سکتے، سیکرٹری خزانہ نے بتایا کہ بیس ارب روپے جاری کرنا ناممکن ہوگا، اسپیشل سیکرٹری داخلہ نے کہا کہ ان حالات میں پرامن انتخابات کا انعقاد نہیں ہو سکتا۔

جسٹس منیب نے کہا کہ کیا آپ کو فروری میں خیال تھا کہ اکتوبر میں الیکشن کروانا ہے، اگر اکتوبر میں الیکشن کروانا تھا تو صدر کو 30 اپریل کی تاریخ کیوں دی۔

چیف جسٹس نے کہا کہ الیکشن تو ہر صورت 2023 میں ہونا تھے، کیا بجٹ میں 2023 الیکشن کیلئے بجٹ نہیں رکھا گیا تھا۔

انتخابات کیلئے بجٹ آئندہ مالی سال میں رکھنا ہے

اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ انتخابات کیلئے بجٹ آئندہ مالی سال میں رکھنا ہے، قبل ازوقت اسمبلی تحلیل ہوئی اس کا علم نہیں تھا، ملک بھر میں ایک ہی دفعہ انتخابات ہوں تو 47ارب روپے خرچ ہوں گے، انتخابات الگ الگ ہوں تو 20 ارب روپے اضافی خرچ ہوگا۔

وکیل الیکشن کمیشن نے دلائل دیے کہ سیکٹر کمانڈر آئی ایس آئی نے بتایا کہ کے پی کے میں کالعدم تنظیموں نے متوازی حکومتیں بنا رکھی ہیں، خفیہ رپورٹس میں بتایا گیا کہ مختلف دہشتگرد تنظیمیں متحرک ہیں، خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں شیڈو حکومتیں قائم ہیں، خفیہ رپورٹس کے مطابق ان خطرات سے نکلنے میں چھ سے سات ماہ لگیں گے۔

صدر پاکستان کو نہیں بتایا تو غلطی کی 

چیف جسٹس نے کہا کہ جو معلومات آپ دے رہے ہیں وہ سنگین نوعیت کی ہیں ، کیا آپ یہ باتیں صدر مملکت کے علم میں لاٸے، اگر صدر پاکستان کو نہیں بتایا تو آپ نے غلطی کی ہے ، صدر نے تاریخ الیکشن کمیشن کے مشورے سے دی تھی، خفیہ رپورٹس میں کہا گیا کہ علاقوں کو کلٸیر کرنے میں چھ ماہ لگیں گے، پنجاب میں کچے کا آپریشن کب مکمل ہوگا ؟۔

سجیل سواتی نے جواب دیا کہ پنجاب کے مطابق کچے کا آپریشن مکمل ہونے میں چھ ماہ تک لگ جاٸینگے۔

دہشتگردی کے باوجود ملک میں انتخابات ہوتے رہے ہیں

چیف جسٹس نے کہا کہ بیس سال سے ملک میں دہشتگردی کا مسئلہ ہے، اس کے باوجود ملک میں انتخابات ہوتے رہے ہیں، 90 کی دہائی میں تین دفعہ الیکشن ہوئے، جب فرقہ واریت اور دہشت گردی عروج پر تھی، 58/2 بی کے ہوتے ہوئے ہر تین سال بعد اسمبلی توڑ دی جاتی تھی۔

جسٹس منیب اختر نے کہا کہ اگر ادارے آپکو معاونت فراہم کریں تو کیا آپ الیکشن کرواینگے ، بظاہر الیکشن کمیشن کا سارا مقدمہ خطوط پر ہے ، الیکشن کمیشن کا مسٸلہ فنڈزکی دستیابی کا ہے۔

پنجاب میں الیکشن کروانے کے لیے تیار ہیں

جسٹس منیب اختر نے پوچھا کہ اگر ادارے آپ کو معاونت فراہم کریں تو کیا آپ الیکشن کروائیں گے ، بظاہر الیکشن کمیشن کا سارا مقدمہ خطوط پر ہے ، الیکشن کمیشن کا مسٸلہ فنڈزکی دستیابی کا ہے۔

وکیل سجیل سواتی نے جواب دیا کہ فنڈز اور اداروں سے معاونت مل جائے تو پنجاب میں الیکشن کروانے کے لیے تیار ہیں۔

پہلے روز کی سماعت 
27 مارچ کی سماعت کے تحریری حکم میں کہا گیا ہے کہ آئین کے تحت عام انتخابات وقت پر ہونا لازم ہیں، بروقت عام انتخابات کا ایمانداری، منصفانہ اور قانون کے مطابق انعقاد جمہوریت کےلیے ضروری ہے، عام انتخابات کےانعقاد میں خامی،کمی یا ناکامی مفاد عامہ اور ووٹنگ کا بنیادی حق متاثرکرتی ہے۔

دوسرے روز کی سماعت
گزشتہ روز سپریم کورٹ میں ہونے والی سماعت میں چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیے تھے کہ ایمرجنسی لگا کر ہی الیکشن ملتوی کیے جاسکتے ہیں، سادہ سا سوال ہے کہ الیکشن کمیشن تاریخ آگے کرسکتا ہے یا نہیں، اگر الیکشن کمیشن کا اختیار ہوا تو بات ختم ہوجائےگی۔

جسٹس منیب نے ریمارکس دیے کہ الیکشن کمیشن خود کو آئینی ادارہ کہتا ہے، دو اسمبلیاں تحلیل ہیں الیکشن کروانا کمیشن کی ذمہ داری ہے، کمیشن شیڈول جاری کرتا ہے، اور اچانک سے اپنا فیصلہ بدل دیتا ہے، الیکشن کمیشن کا مقدمہ آرٹیکل 218 کا ہے، الیکشن کمیشن نے فیصلہ کرنے سے پہلے عدالت سے رجوع کیوں نہیں کیا۔

صبح سے پوچھ رہا ہوں عدالتی حکم کہاں ہے؟ 

سجیل سواتی نے جواب دیا کہ الیکشن کمیشن نے عدالتی حکم پر عمل کیا۔

جسٹس جمال مندوخیل نے پوچھا کہ جس عدالتی حکم پر تمام ججز کے دستخط ہیں وہ کہاں ہے؟ صبح سے پوچھ رہا ہوں کوئی بھی عدالتی حکم سامنے نہیں لا رہا۔

8 اکتوبر کو کونسا جادو ہوگا 

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ جہاں مسئلہ زیادہ ہے اس ضلع میں انتخابات موخر بھی ہوسکتے ہیں، الیکشن کمیشن نے کچے کے آپریشن کیوجہ سے پورے پنجاب میں الیکشن ملتوی کردیا، کے پی کے میں الیکشن کی تاریخ دیکر واپس لی گئی، 8 اکتوبر کی تاریخ پہلے سے مقرر کی گئی، 8 اکتوبر کو کونسا جادو ہو جائے گا جو سب ٹھیک ہو جائے گا۔

وکیل ای سی پی نے کہا کہ 8 اکتوبر کی تاریخ عبوری جائزے کے بعد دی۔

کسی نے سیاسی درجہ حرارت کم کرنے کی یقین دہانی نہیں کرائی

چیف جسٹس نے کہا کہ عبوری جائزے کا مطلب ہے کہ انتخابات مزید تاخیر کا شکار ہوسکتے ہیں، عدالت کو پکی بات چاہیے۔

وکیل سجیل سواتی نے دلائل دیے کہ الیکشن کمیشن کی 8 اکتوبر کی تاریخ عارضی نہیں ہے، اگر کچھ علاقوں میں انتخابات کرائیں تو ایجنسیوں کے مطابق وہیں دہشتگردی کا فوکس ہوگا۔

چیف جسٹس نے کہا کہ علی ظفر اور اٹارنی جنرل کو سیاسی درجہ حرارت کم کرنے پر ہدایت لیکر آگاہ کرنے کا کہا تھا، سیاسی درجہ حرارت کم ہونے تک انتحابات پر امن نہیں سکتے، کسی فریق نے سیاسی درجہ حرارت کم کرنے کی یقین دہانی نہیں کرائی۔

چیرمین پی ٹی آئی تحریری یقین دہانی کروائیں گے

پی ٹی آئی وکیل علی ظفر نے کہا کہ عدالت کو مکمل یقین دہانی کروانے کے لیے تیار ہیں، چیرمین پی ٹی آئی کی جانب سے تحریری یقین دہانی کروائیں گے۔

عرفان قادر سپریم کورٹ میں الیکشن کمیشن کی نمائندگی کریں گے

عرفان قادر نے سپریم کورٹ میں الیکشن کمیشن کی نمائندگی کرنے کے لیے معاون خصوصی کے عہدے سے استعفیٰ دیدیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے عرفان قادر کا استعفی منظور کر لیا۔