ابراہیم قریشی: لاہور میں بی بی پاک دامن اور احاطہ موہن لال کی گلیوں میں بجلی کی لٹکتی اور بے ہنگم تاریں علاقہ مکینوں کے لیے خطرے کی علامت بن گئی ہیں۔ گھروں کے باہر موجود تاروں کے گچھوں کے باعث کسی بھی وقت بڑے حادثے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
مکینوں کا کہنا ہے کہ بجلی کی تاریں گھروں کے انتہائی قریب ہونے کی وجہ سے انہیں روزمرہ مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ بچوں اور راہگیروں کی جان کو بھی مسلسل خطرہ لاحق رہتا ہے۔
علاقہ مکینوں کے مطابق آندھی اور بارش کے دوران بجلی کی فراہمی معطل ہونا معمول بن چکا ہے، جبکہ بے ہنگم تاروں کے باعث کسی بھی وقت ناخوشگوار واقعہ پیش آ سکتا ہے۔
شہریوں نے لیسکو حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری نوٹس لے کر لٹکتی بجلی کی تاروں کو درست کیا جائے تاکہ کسی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے۔