ویب ڈیسک:بھارت کی فلم انڈسٹری بالی ووڈ میں بنائی گئی فلموں سے تفریح حاصل کرنے والوں کیلئے جولائی2026 باکس آفس کیلئے سال کے سب سے مصروف اور اہم مہینوں میں سے ایک ثابت ہو سکتا ہے۔ اس مہینے سماجی مسائل، ایکشن، سپر ہیرو اور کامیڈی جیسی مختلف صنفوں کی کئی انتہائی منتظر فلمیں سینما گھروں کی زینت بننے جارہی ہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ماہ جولائی کی مقبول فلموں میں’’ دی انڈیا اسٹوری‘‘ نمایاں ہے، جو 24جولائی کو ریلیز ہوگی۔ چیتن ڈی کے کی ہدایتکاری میں بنی یہ فلم ملک میں غذائی ملاوٹ جیسے سنگین مسئلے کو کورٹ روم اور سوشل ڈراما کے ذریعے پیش کرتی ہے۔ فلم میں کاجل اگروال، شریاس تلپڑے، مرلی شرما اور منیش وادھوا اہم کرداروں میں نظر آئیں گے۔ اس کے علاوہ پورانک اور فینٹسی صنف کی فلم ’’ناگ بندھم‘‘3 جولائی کو ریلیز ہوگی۔ ابھیشیک ناما کی ہدایتکاری میں بنی اس پین انڈیا فلم میں وراٹ کرنا مرکزی کردار میں ہیں۔حال ہی میں ریلیز ہونیوالے اس کے ٹریلر کو ناظرین کا مثبت ردعمل ملا ہے۔
جولائی کے مہینے میں مارول کے مقبول سپر ہیرو کی واپسی کرانےوالی ہالی ووڈ فلم ’’اسپائیڈر مین: برینڈ نیو ڈے‘‘ 31جولائی کو سنیما گھروں میں آئے گی۔ شاندار ویژول ایفیکٹس،ایکشن اور سنسنی کی وجہ سے یہ فلم عالمی سطح پر سب سے زیادہ چرچے میں رہنے والی ریلیز میں شامل ہے۔یش راج فلمز کے اسپائی یونیورس کی پہلی خاتون مرکوز فلم’’ الفا‘‘ بھی 3جولائی کو ریلیز ہوگی۔
بالی ووڈ کی مزاحیہ فلموں کے شوقین افراد کیلئے’’دھمال4‘‘ 10 جولائی کو ریلیز ہوگی۔ اندر کمار کی ہدایتکاری میں بنی اس فلم میں اجے دیوگن،رتیش دیش مکھ،ارشد وارثی،جاوید جعفری اور سنجے مشرا اہم کرداروں میں نظر آئیں گے۔بڑے ستاروں، متنوع موضوعات اور الگ الگ صنفوں کی ان فلموں کی وجہ سے جولائی2026 کو بھارتی سنیما کیلئے ایک اہم مہینہ مانا جا رہا ہے۔