ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

برطانیہ جانے والے مسافروں کو بڑا ریلیف، 5 سال بعد پروازیں بحال

برطانیہ جانے والے مسافروں کو بڑا ریلیف، 5 سال بعد پروازیں بحال
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز ( پی آئی اے) نے پانچ سال کے وقفے کے بعد لاہور اور مانچسٹر کے درمیان دو طرفہ پروازیں دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جبکہ اسلام آباد سے بیجنگ کے لیے بھی فضائی آپریشن بحال کیا جا رہا ہے۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق مانچسٹر سے لاہور کے لیے پہلی پرواز یکم جولائی کو روانہ ہوگی، جبکہ لاہور سے مانچسٹر کی پہلی پرواز 2 جولائی کو آپریٹ کی جائے گی۔ برطانیہ کے لیے پی آئی اے کی پروازیں 2020 میں معطل ہوئی تھیں، تاہم اسلام آباد سے مانچسٹر روٹ گزشتہ سال بحال کر دیا گیا تھا۔

قومی ایئرلائن کا کہنا ہے کہ نئی پروازوں کو مسافروں کی جانب سے بھرپور پذیرائی ملی ہے۔ یکم جولائی کی پرواز پر 175 مسافروں کی بکنگ کنفرم ہو چکی ہے، جبکہ 2 جولائی کو لاہور سے مانچسٹر جانے والی پرواز کی تمام 310 نشستیں مکمل طور پر بک ہو چکی ہیں۔ ان روٹس پر جدید بوئنگ 777 طیارے استعمال کیے جائیں گے۔

دوسری جانب اسلام آباد اور بیجنگ کے درمیان دو طرفہ پروازیں بھی 3 جولائی سے دوبارہ شروع کی جا رہی ہیں۔ یہ ہفتہ وار سروس 10 اپریل سے معطل تھی، جسے اب بوئنگ 777 طیارے کے ذریعے بحال کیا جائے گا۔

پی آئی اے حکام کے مطابق اہم بین الاقوامی روٹس کی بحالی سے سمندر پار پاکستانیوں کو بہتر سفری سہولیات میسر آئیں گی، جبکہ قومی ایئرلائن کی آمدن میں بھی اضافہ متوقع ہے۔