ویب ڈیسک: وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے یوم عاشور پر سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے لاہور شہر کا فضائی دورہ کیا، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس ، کمشنر لاہورڈویژن اور سی سی پی او بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے شہر کے مختلف علاقوں میں یوم عاشور پر کئے گئے سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا، محسن نقوی نے جلوسوں کے روٹس اور پولیس کے انتظامات کامعائنہ کیا۔ انہوں نے اندرون شہر، کربلا گامے شاہ، انارکلی، اسلام پورہ، ٹھوکر نیاز بیگ اور دیگر علاقوں کا فضائی جائزہ لیا۔
محسن نقوی نے سیکورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا، اور سیکورٹی انتظامات کی مسلسل نگرانی کی ہدایت کی۔ محسن نقوی نے کہا کہ یوم عاشور پر پنجاب حکومت نے امن و امان برقرار رکھنے کے لئے بہترین انتظامات کئے ہیں۔پولیس اور انتظامیہ وضع کردہ سیکورٹی پلان پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنائیں۔ دشمن کے ناپاک عزائم ناکام بنانے کیلئے پوری فورس چوکس ہے۔
انہوں نے کہا کہ یوم عاشور پر جلوسوں اور مجالس کی نگرانی کے لئے جدید نظام وضع کیا گیا ہے۔ہیلی کاپٹروں کی مدد سے فضائی نگرانی بھی کی جارہی ہے۔ انشاء اللہ پنجاب حکومت کے اقدامات سے یوم عاشور پرامن رہے گا۔