ملک اشرف : لاہور ہائیکورٹ ،بسنت تہوار منانے کے قانون کے حق میں بھی درخواست دائر ہوگئی۔
رجسٹرار آفس نے کیس کو کل سماعت کے لیے مقرر کردیا، جسٹس ملک محمد اویس خالد ، سائلہ اشباء کامران کی درخواست پر بطور ارجنٹ کیس سماعت کریں گے۔
درخواست گزار اشباء کامران ذاتی حیثیت میں پیش ہوکر اپنا موقف پیش کریں گی۔ درخواست میں پنجاب حکومت اور لاء اینڈ پارلیمنٹری افیئر ڈیپارٹمنٹ کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست گزار کے مطابق پنجاب حکومت نے بسنت تہوار منانے کے لئے قانون بنایا ، قانون پورے صوبہ صوبہ کے لئے بنایا جاتا ہے نہ کہ کسی مخصوص شہر کے لئے ، قانون کا اطلاق پورے پنجاب میں کرنے کی بجائے صرف لاہور شہر تک کیا گیا ، بسنت کا تہوار صرف لاہور شہر تک محدود کردیا گیا۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ صرف لاہوریوں کو بسنت منانے کی اجازت دینا ، صوبہ کے دیگر شہریوں کے ساتھ امتیازی سلوک ہے، بسنت لاہور تک محدود کرنا جبکہ دیگر شہروں کو نظر انداز کرنا آئین کے آرٹیکل 25 کی خلاف ورزی ہے۔ استدعا کی گئی ہے کہ عدالت بسنت تہوار پورے صوبہ میں منانے کا حکم دے ۔