محسن نقوی کی رفتار اور معیار; 7 برس سے زیرالتوا منصوبہ چند ماہ میں مکمل 

Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی42: پنجاب کے  وزیراعلیٰ محسن نقوی نے 7سال سے   تعطل کا شکار پنجاب ایگریکلچر ۔فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کمپلیکس کا افتتاح کر دیا۔

وزیراعلی محسن نقوی نےپیر کے روز  پنجاب ایگریکلچر فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے آڈیٹوریم بھی دیکھا ۔وزیر اعلی محسن نقوی نے پراجیکٹ کو معیار و رفتار کے ساتھ مکمل کرنے پر سیکرٹری تعمیرات ومواصلات اور ان کی ٹیم کو شاباش دی ۔

کمپلیکس کے دورہ کے موقع پر وزیراعلیٰ محسن نقوی کو پنجاب ایگریکلچر فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔  پنجاب ایگریکلچر فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کا پراجیکٹ 2017میں شروع ہوا تھا اور سات سال سے ادھورا پڑا تھا۔ اس دوران تین وزیر اعلیٰ پنجاب پر حکومت کرتے رہے، کسی سے یہ منصوبہ مکمل نہ ہوا۔ وزیراعلی محسن نقوی کی کاوشوں سے چند ہی ماہ میں پی اے ایف ڈی اے کے پراجیکٹ کو مکمل  کر دیا گیا۔

بریفنگ مین بتایا گیا کہ پی اے ایف ڈی اے لیبارٹری میں انسانوں اور جانورں کیلئے مخصوص ادویات کا ٹیسٹ ہو سکے گا۔ لیبارٹری میں پہلی مرتبہ زرعی مداخل،پیسٹی سائیڈ،کھاد کا کوالٹی ٹیسٹ کیا جا سکے گا۔پی اے ایف ڈی اے کے ذریعے پہلی مرتبہ کارڈیک سٹنٹ اور آرتھوپیڈک امپلانٹس کاکوالٹی چیک ممکن ہو گا۔پی اے ایف ڈی اے لیب میں کاسمیٹک،ڈبوں میں بند محفوظ خوراک کا کوالٹی ٹیسٹ بھی ہو گا۔ پاکستان کی پہلی پی اے ایف ڈی اے لیب میں مائیکرو لیول کیمیائی مواد،منرلز ٹیسٹنگ بھی ممکن ہو گی۔
 پی اے ایف ڈی اے لیب میں ایڈوانس لیول ٹیسٹ اور یونیفائیڈ کراس ٹیسٹنگ بھی کی جا سکے گی۔

صوبائی وزیر پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ ڈاکٹر جمال ناصر۔چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری۔ سیکرٹری داخلہ۔سیکرٹری تعمیرات و مواصلات۔ سیکرٹری اطلاعات۔ سیکرٹری لائیوسٹاک۔ سیکرٹری فوڈ۔ سیکرٹری زراعت۔،سی سی پی او۔ کمشنر لاہور،ڈپٹی کمشنر لاہور،ڈی جی پی اے ایف ڈی اے اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔


محسن نقوی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 2 حکومتو ں سے پی اے ایف ڈی اے پراجیکٹ زیر التواء تھا، محکمہ تعمیرات ومواصلات او ر داخلہ نے بڑی محنت سے پراجیکٹ مکمل کیاہے۔ پی اے ایف ڈی اے کا سٹرکچر تعمیر کرنا اور آلات نصب کرنا بہت اہم ٹاسک تھا۔

پاکستان کی بہترین لیب، بھرتی الیکشن کے بعد ہو گی

 محسن نقوی نے بتایا کہ  پی اے ایف ڈی اے میں ایچ آر الیکشن کمیشن کی اجازت سے بھرتی کریں گے۔ الیکشن کے بعد پی اے ایف ڈی اے میں بھرتی شروع ہوجائے گی۔ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ پی اے ایف ڈی اے کی بلڈنگ تیار ہے اور آلات بھی موجود ہیں۔ پی اے ایف ڈی اے لیبارٹری فوڈ، ایگریکلچر اور ڈرگز کی ٹیسٹنگ لیب ہوگی۔یہ پاکستان کی بہترین لیب ہوگی۔

سابق ڈی جی پی اے ایف ڈی اے اشرف طاہر کو خراج عقیدت

محسن نقوی نے کہا کہ  پی اے ایف ڈی اے کے معیار کو برقرار رکھنے کے لئے سابق ڈی جی کے نقش قدم پر چلنا پڑے گا۔ سابق ڈی جی اشرف طاہر کی کمی محسوس ہورہی ہے،اس سارے کام کے پیچھے ان کی بھی محنت تھی، اللہ تعالیٰ انکو جنت میں جگہ دے۔  محسن نقوی نے بتایا کہ پی اے ایف ڈی اے بلڈنگ کا ابتدائی تخمینہ 6.7ارب روپے تھا، التواء کی وجہ سے 15ارب روپے لاگت آئی ہے۔

ضرورتمند نوجوانوں کو کینیڈا بھیجنے کا منصوبہ

محسن نقوی نے بتایا کہ نوجوانوں کوبھجوانے کیلئے پنجاب حکومت نے کینیڈا میں ایک اہم ایم اویو پر دستخط کئے ہیں جس سے بہت فائدہ اٹھایاجاسکتا ہے۔ آنے والی حکومت کینیڈا سے کئے گئے معاہدے کا فالو اپ کرے گی۔کینیڈا کے ساتھ ایم او یو دستخط کرنے کے حوالے سے ٹیم سے بریفنگ لوں گا۔ انشاء اللہ 7فروری تک تمام منصوبوں کا افتتاح ہوجائے گا او رفنکشنل ہوں گے۔

الیکشن کے متعلق شکایات
 محسن نقوی نے بتایا کہ کسی سرکاری ملازم کو کسی بھی پارٹی کے جلسے میں شمولیت کی ہدایت نہیں کی نہ ہی ہم یہ افورڈ کرسکتے ہیں۔الیکشن کے حوالے سے جہاں سے شکایت آرہی ہے وہاں سخت ایکشن لیا جارہاہے۔جہاں بھی الیکشن رولز کی خلاف ورزی ہوئی ہے،ہم نے ازخود الیکشن کمیشن کو اطلاع دی اور اجازت لے کر ایکشن لیاہے۔ الیکشن سے متعلق شکایات کے ازالے میں کسی قسم کا کوئی انتظار نہیں کیاجارہاہے۔

حساس پولنگ سٹیشن

محسن نقوی نے بتایا کہ پنجاب میں مجموعی طورپر 49ہزار پولنگ سٹیشن ہیں ان مین سے تقریباً 6ہزار کے قریب حساس قرار کردئیے گئے ہیں۔ الیکشن کمیشن،محکمہ داخلہ اور پولیس آزاد انہ اور شفاف الیکشن کرانے کے لئے ایک پیج پرہیں۔ہم اپنا کام کررہے ہیں، وفاقی حکومت اپنا کام کررہی ہے۔

انشا ء اللہ صحافی بھائیوں کو مایوس نہیں کریں گے

ایک سوال کے جواب میں محسن نقوی نے کہا کہ انشا اللہ صحافی بھائیوں کو مایوس نہین کریں گے۔ اس حوالے سے کام کر رہے ہیں۔