(سٹی 42): قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے عمران خان اور نواز شریف کو لاڈلا قرار دے دیا، کہتے ہیں دونوں ہی کھیلنے کو چاند مانگ رہے ہیں، حکومت آنے والے وقت سے گھبرا رہی ہے۔
لاہور میں پی ٹی آئی کے رہنما سید صمصام بخاری کی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سید خورشید شاہ نے کہا کہ اُنہیں ایک اور این آر او ہوتا دیکھائی دے رہا ہے، ساری قوم دیکھ رہی ہے کہ سعودی عرب کے دروازے پر پھر سے دستک کیوں دی جا رہی ہے؟ پاکستان ایک نیو کلیئر پاور ہے، معافی تلافی نہیں ہونی چاہیئے۔پہلے این آر او اور اب کے این آر او میں فرق ہے، وہ این آر او جمہوریت کو بچانے کے لیے کیا گیا یہ کسی خاندان کو بچانے کے لیے کیا جا رہا، حکومت آنے والے وقت سے گھبرا رہی ہے۔
فاٹا انضمام پر گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ فاٹا انضمام پر حکومت کی کچھ مجبوریاں ہیں جس سے حکومت اجتناب کر رہی ہے ، سعد رفیق کے بیان میں کوئی بڑی بات نہیں تھی جس پر فوری بیان دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو نے اپنی پالیسی کا اعلان کر دیا ہے، ہم سیاسی جماعتوں سے دوریاں نہیں چاہتے، ملک میں صرف اور صرف جمہوریت چاہتے ہیں، سیاست میں دشمنی نہیں ہونی چاہیے۔
انہوں نے ایک سوال کے جواب پر کہا کہ آصف زرداری اور طاہر القادری کی ملاقات کوئی نئی بات نہیں، پر امن دھرنا طاہر القادری کا حق ہے، دھرنے سے عوام کو مشکلات نہیں ہونی چاہئیں۔
مزید جاننے کیلئے ویڈیو دیکھیں