فاران یامین:شاد باغ پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 2 ریکارڈ یافتہ ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے 1640 گرام سے زائد چرس اور 160 گرام آئس برآمد کرلی۔
ایس پی سٹی فرحت عباس کے مطابق پولیس ٹیم دورانِ پٹرولنگ موجود تھی کہ خفیہ اطلاع موصول ہونے پر فوری کارروائی کی گئی، جس کے نتیجے میں دونوں ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت نبیل مسیح اور کبیر کے نام سے ہوئی ہے۔ ملزم نبیل مسیح کے قبضے سے چرس جبکہ ملزم کبیر سے آئس برآمد ہوئی۔
ایس پی سٹی نے بتایا کہ ملزمان عیسیٰ نگری اور گردونواح کے علاقوں میں منشیات فروشی میں ملوث تھے۔ ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
فرحت عباس کا کہنا تھا کہ منشیات فروشی کے مکمل خاتمے کے لیے کڑی نگرانی اور مؤثر کارروائیاں جاری ہیں۔ منشیات کے کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔