(شہزاد خان ابدالی) رواں کاروباری ہفتے کے اختتام تک مجموعی طور پر سونے کی قیمتوں میں کمی کا رجحان برقرار رہا ۔ ہفتے بھر کے دوران سونے کی قیمت میں 1 ہزار روپے کی کمی دیکھی گئی۔ جیولرز اور خواتین صارفین نے سونے کی قیمتوں میں کمی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے.
تفصیلات کے مطابق رواں کاروباری ہفتے کے آغاز پر خالص چوبیس قیراط فی تولہ سونے کی قیمت 1 لاکھ 18 ہزار 400 روپے فی تولہ تھی۔ کاروباری ہفتے کے اختتام تک سونا 1 ہزار روپے سستا ہوا جس کے بعد خالص 24 قیراط فی تولہ سونا 1 لاکھ 17 ہزار 400 روپے کی سطح پر دیکھا گیا اسی طرح بایئس قیراط فی تولہ سونے کی قیمت 1 لاکھ 7 ہزار 616 روپے کی سطح پر رہی اور اکیس قیراط فی تولہ سونے کی نئی قیمت 1 لاکھ 2 ہزار 725 روپے رہی اسی طرح عالمی صرافہ بازاروں اور مارکیٹوں میں 35 ڈالر کمی کے بعد فی اونس سونا 1938 ڈالر کا رہا جبکہ 20 روپے اضافے کے بعد فی تولہ چاندی 1400 روپے کی رہی۔
دوسری جانب نویں اور دسویں محرم الحرام کی مناسبت سے تاجران کی جانب سے عابد الیکٹرونکس مارکیٹ میں سبیل کا اہتمام کیا گیاجبکہ مزنگ کے تاجروں نے محفل پاک کا اہتمام کیا۔عابد مارکیٹ کے تاجرشہریوں کو روک روک کر شربت پلاتے رہے۔ اسی طرح مزنگ کے تاجروں کی جانب سے محفل پاک کا اہتمام کیا گیا، جس میں تاجروں کی کثیرتعداد نے شرکت کی۔قاری عبدالوہاب نے تلاوت قرآن پاک سےمحفل پاک کا آغاز کیا اور نبی کریم کی شان اقدس میں ہدیہ نعت پیش کیا اور واقعہ کربلا پر روشنی ڈالی۔
قاری عبدالوہاب نے کہا کہ واقعہ کربلا حق اور سچ کی فتح ہے۔ جو باطل کے سامنے ڈٹ جانے کا درس دیتا ہے۔