ملک اشرف : لاہور ہائیکورٹ کے جج جسٹس اسجد جاوید گھرال کی ریٹائرمنٹ پر عدالتِ عالیہ میں پروقار الوداعی تقریب منعقد کی گئی، جس میں چیف جسٹس جسٹس عالیہ نیلم سمیت تمام سینئر ججز اور عدالتی افسران نے شرکت کی اور ان کی طویل عدالتی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔
تقریب کے دوران جسٹس اسجد جاوید گھرال کو پھولوں کے گلدستے، یادگاری شیلڈز اور تحائف پیش کیے گئے اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔ شرکاء نے ان کی پیشہ ورانہ خدمات، عدالتی مزاج اور قانون کی بالادستی کے لیے کردار کو سراہا۔الوداعی تقریب میں پرنسپل سیٹ پر تعینات متعدد ججز نے شرکت کی، جن میں سینئر ترین جج جسٹس عابد عزیز شیخ، جسٹس سید شہباز علی رضوی، جسٹس فیصل زمان خان، جسٹس مسعود عابد نقوی اور جسٹس شاہد کریم شامل تھے۔اسی طرح جسٹس شہرام سرور چوہدری، جسٹس چوہدری محمد اقبال، جسٹس محمد وحید خان، جسٹس مزمل اختر شبیر اور جسٹس علی ضیاء باجوہ نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
جسٹس سلطان تنویر احمد، جسٹس خالد اسحاق، جسٹس ملک محمد اویس خالد، جسٹس جواد ظفر اور دیگر ججز جن میں جسٹس عہبر گل خان بھی شامل تھے، ججز نے شرکت کرتے ہوئے جسٹس اسجد جاوید گھرال کی خدمات کو سراہا۔ ذرائع کے مطابق جسٹس اسجد جاوید گھرال 2016 سے لاہور ہائیکورٹ میں بطور جج فرائض سرانجام دے رہے تھے۔ ریٹائرمنٹ کے بعد لاہور ہائیکورٹ میں ججز کی خالی آسامیوں کی تعداد 20 تک پہنچ گئی ہے۔
جسٹس اسجد جاوید گھرال بطور جج تعینات ہونے سے قبل پراسیکیوٹر جنرل پنجاب کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ ان کا تعلق گجرات سے ہے اور انہیں ایک دیانتدار، محنتی اور قانون دوست جج کے طور پر یاد کیا جا رہا ہے۔تقریب کے اختتام پر شرکاء نے جسٹس اسجد جاوید گھرال کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور ان کی مستقبل کی زندگی کے لیے دعا کی۔