ملک اشرف: عمران خان کیخلاف مقدمات کی تفصیل اور کارروائی کا معاملہ، لاہور ہائیکورٹ نے درخواست سماعت کیلئے 2 مئی کومقرر کردی، جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بنچ سماعت کرے گا ۔
لاہور ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس نے عمران خان کی درخواست کی سماعت بارے کاز لسٹ جاری کردی، جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں لارجر بنچ میں جسٹس مس عالیہ نیلم ، جسٹس طارق سلیم شیخ ، جسٹس انوارالحق پنوں اور جسٹس امجد رفیق شامل ہیں ،درخواست میں وفاقی ، پنجاب حکومت، چیف سیکرٹری ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم ، آئی جی پولیس سمیت دیگر فریق نامزد ہیں .
درخواست میں موقف اختیار کیا گیاکہ سیاسی رنجش پر ان کے اور پی ٹی آئی کیخلاف 121 ایف آئی آر درج کی جا چکی ہیں ، انہیں پکڑنے کی کوششں ان کے جینے کے حق کی خلاف ورزی ہے، ایک وقوعہ کی بار بار ایف آئی آر درج کرنے سے ان کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہورہی ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت متعلقہ حکام کو ایک ہی نوعیت کی ایف آئی آر درج کرنے سے روکنے کا حکم دے ، مزید استدعا کی گئی ہے کہ عدالت انہیں تمام ایف آئی آرز اور ان کیخلاف فوجداری کارروائی کا جامع ریکارڈ فراہم کرنے، پیشگی اطلاع کے بغیر کوئی مقدمہ درج کرنے سے روکنے کا حکم دے۔