ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

معتبر معلومات تک رسائی شہریوں کا بنیادی حق ہے: صدر مملکت

معتبر معلومات تک رسائی شہریوں کا بنیادی حق ہے: صدر مملکت
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(سٹی42) صدر مملکت آصف علی زرداری نے عالمی یومِ معلومات تک رسائی کے موقع پر شہریوں کے حقِ معلومات کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جمہوری معاشرے میں شہری اسی وقت عوامی زندگی میں بامعنی کردار ادا کرسکتے ہیں جب انہیں بروقت، معتبر اور قابلِ اعتماد معلومات تک رسائی حاصل ہو۔

 اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ آئین پاکستان شہریوں کے حقِ معلومات کے لیے واضح بنیاد فراہم کرتا ہے، 18ویں آئینی ترمیم کے ذریعے اظہارِ رائے کی آزادی کے آئینی ڈھانچے کو مزید مضبوط کیا گیا اور آرٹیکل 19-اے شامل کیا گیا، جس کے تحت ہر شہری کو عوامی اہمیت کے تمام معاملات میں معلومات تک رسائی کا حق حاصل ہے، تاہم یہ حق قانون کے تحت عائد ضابطوں اور معقول پابندیوں سے مشروط ہے۔

 آصف علی زرداری نے کہا کہ رائٹ آف ایکسیس ٹو انفارمیشن ایکٹ 2017 وفاقی سطح پر معلومات تک رسائی کے لیے قانونی فریم ورک فراہم کرتا ہے، تاہم ڈیجیٹل پلیٹ فارمز، مصنوعی ذہانت اور دیگر ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کی تیز رفتار ترقی نے معلومات کی تیاری، ترسیل اور استعمال کے طریقہ کار کو تبدیل کردیا ہے۔

 صدر مملکت کے مطابق موجودہ دور میں چیلنج صرف معلومات کی دستیابی نہیں بلکہ شہریوں کے لیے قابلِ اعتماد معلومات اور جھوٹی، گمراہ کن یا مصنوعی طور پر تبدیل شدہ معلومات کے درمیان فرق کرنا بھی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ مختلف ریاستی و غیر ریاستی عناصر، دہشت گرد اور جرائم پیشہ نیٹ ورکس جبکہ بے قابو اور حد سے زیادہ طاقتور ٹیکنالوجی کمپنیاں معلومات کو مسخ یا اپنے مقاصد کے لیے استعمال کرسکتی ہیں۔

 صدر مملکت نے کہا کہ اس صورتحال میں عوام دوست صحافیوں، میڈیا اداروں، ابلاغی ماہرین، محققین اور دیگر ماہرین کا کردار مزید اہم ہوگیا ہے، جو شہریوں کو تیزی سے بدلتے ہوئے معلوماتی ماحول میں درست معلومات تک رسائی میں مدد دے سکتے ہیں۔

 انہوں نے زور دیا کہ شہریوں کے حقِ معلومات کا تحفظ یقینی بناتے ہوئے یہ امر بھی ملحوظ رکھا جائے کہ منافع پر مبنی غلط اور گمراہ کن معلومات کے تدارک کی کوششیں عوامی مفاد میں صحافت، منصفانہ تنقید اور بامعنی عوامی مباحثے کو دبانے کا ذریعہ نہ بنیں۔

 آصف علی زرداری نے کہا کہ سرکاری اداروں کی شفافیت، جوابدہی اور ذمہ دارانہ ابلاغ ناگزیر ہے، شہریوں کو خصوصاً ان معاملات پر معتبر ذرائع سے قابلِ اعتماد معلومات حاصل ہونی چاہئیں جو براہِ راست ان کی زندگیوں کو متاثر کرتے ہیں۔ 

Ansa Awais

Content Writer