ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

اسلام آباد ٹریفک پولیس کو خلاف ورزیوں پر مقدمات درج نہ کرنے کی ہدایت

اسلام آباد ٹریفک پولیس کو خلاف ورزیوں پر مقدمات درج نہ کرنے کی ہدایت
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک:ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) اسلام آباد علی وسیم نے ٹریفک پولیس کو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے شہریوں کے خلاف مقدمات درج نہ کرنے کی ہدایت کردی۔

ڈی آئی جی اسلام آباد نے متعلقہ افسران اور اہلکاروں کو ہدایت کی کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کی صورت میں قانون کے مطابق جرمانہ عائد کیا جائے، تاہم شہریوں کے خلاف مقدمات درج کرنے سے گریز کیا جائے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس نے جون 2026 میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر باقاعدہ مقدمات درج کرنے کا سلسلہ شروع کیا تھا۔ پہلے دو ہفتوں کے دوران تقریباً 500 مقدمات درج کیے گئے، جبکہ جولائی اور اگست میں بھی ون وے کی خلاف ورزی، تیز رفتاری، لین ڈسپلن کی خلاف ورزی اور بغیر لائسنس ڈرائیونگ پر بڑی تعداد میں مقدمات درج کیے گئے۔ پولیس نے کارروائی کے دوران سیکڑوں گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں بھی تحویل میں لی تھیں۔

ڈی آئی جی علی وسیم نے ٹریفک پولیس اہلکاروں کو شہریوں سے خوش اخلاقی سے پیش آنے اور قانون کا یکساں نفاذ یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹریفک قوانین کا مقصد شہریوں کو بلاوجہ مشکلات میں ڈالنا نہیں بلکہ سڑکوں پر نظم و ضبط برقرار رکھنا اور محفوظ سفری ماحول فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے شہریوں پر بھی زور دیا کہ دورانِ سفر ٹریفک قوانین کی مکمل پابندی کریں، ڈرائیونگ لائسنس اور گاڑی کے ضروری کاغذات اپنے ہمراہ رکھیں، مقررہ رفتار برقرار رکھیں اور ٹریفک سگنلز کی خلاف ورزی سے اجتناب کریں۔

پولیس کے مطابق ٹریفک قوانین پر عمل درآمد سے نہ صرف قانونی کارروائی سے بچا جاسکتا ہے بلکہ سڑکوں پر حادثات اور ٹریفک کے مسائل میں بھی کمی لائی جاسکتی ہے۔