ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

گرانفروشی اور منافع خوری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، ڈپٹی کمشنر لاہور

گرانفروشی اور منافع خوری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، ڈپٹی کمشنر لاہور
کیپشن: file photo
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

طاہر جمیل:پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے گرانفروشی اور ریٹ لسٹ آویزاں نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں تیز کردیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسسٹنٹ کمشنرز اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے ضلع بھر میں 1518 مقامات کی انسپیکشنز کیں۔

سرکاری تفصیلات کے مطابق اوور چارجنگ اور ریٹ لسٹ آویزاں نہ کرنے پر 27 چالان جاری کیے گئے اور مجموعی طور پر 74 ہزار 500 روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔ کارروائیوں کے دوران کسی دکان کو سیل نہیں کیا گیا اور نہ ہی کوئی گرفتاری عمل میں آئی۔

اسسٹنٹ کمشنرز کی زیر نگرانی پھلوں، سبزیوں اور چکن کی خصوصی چیکنگ بھی کی گئی۔ اس دوران پھلوں اور سبزیوں کے 74 اسٹالز جبکہ چکن کی 6 دکانوں کی براہ راست انسپیکشن کی گئی۔

تحصیل ماڈل ٹاؤن میں سب سے زیادہ 349 انسپکشنز کی گئیں، جہاں خلاف ورزیوں پر 31 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔

تحصیل کینٹ میں 86 کارروائیوں کے دوران 19 ہزار روپے، راوی میں 39 معائنوں پر 12 ہزار روپے، صدر میں 76 انسپکشنز پر 6 ہزار روپے اور لاہور سٹی میں 178 انسپکشنز کے دوران 3 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔

تحصیل واہگہ میں 86 مقامات پر چیکنگ کے دوران 2 ہزار روپے جبکہ شالیمار میں 145 کارروائیوں پر 1500 روپے جرمانہ کیا گیا۔

تحصیل علامہ اقبال میں 24، نشتر میں 60 اور رائیونڈ میں 25 انسپکشنز کی گئیں، تاہم ان تحصیلوں میں کوئی جرمانہ وصول نہیں ہوا۔

ڈپٹی کمشنر لاہور نے ہدایت کی ہے کہ شہریوں کو اشیائے ضروریہ مقررہ قیمتوں پر فراہم کرنے کو یقینی بنایا جائے۔ ان کا کہنا ہے کہ گرانفروشی اور منافع خوری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

ڈپٹی کمشنر لاہور نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو فیلڈ میں متحرک رہنے اور روزانہ کی بنیاد پر کارروائیوں کی رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔