(عثمان علیم) پنجاب حکومت کا بادامی باغ سبزی و فروٹ منڈی کی لکھو ڈھیر منتقلی کے فیصلے پر یو ٹرن، منتقلی کے لیے لی گئی ایک ہزار 45 کنال اراضی پر ڈیجیٹل آکشن منڈی کی تعمیر کی جائیگی۔
بادامی باغ سبزی منڈی کی لکھو ڈھیر میں خریدی گئی اراضی پر منتقلی نہیں کی جائیگی، حکومت کی جانب سے سبزی منڈی کو لکھو ڈھیر شفٹ کرنے کے لیے 1045 کنال اراضی خریدی گئی تھی، جبکہ مزید 560 کنال اراضی بھی خریدی جانی تھی، مگر ذرائع کے مطابق حکومت نے مزید اراضی نہ خریدنے اور موجودہ خریدی گئی 1045 کنال اراضی پر نئی ڈیجیٹل آکشن مارکیٹ بنانے کا فیصلہ کیا۔
بادامی باغ سبزی منڈی میں موجود سیوریج، صفائی ستھرائی، روڈ سٹرکچر اور ٹریفک مسائل کے باعث لکھو ڈھیرمنتقل کرنے کا فیصلہ کیاگیا تھا، بادامی باغ سبزی منڈی اور اطراف میں شدید ٹریفک جام رہنا معمول ہے، منڈی منتقل نہ کرنے سے بادامی باغ منڈی کے مسائل جوں کے توں رہیں گے جبکہ موجودہ منڈی میں مسائل کے خاتمے کے لیے بڑی لاگت درکار ہوگی۔