(مانیٹرنگ ڈیسک) مہنگائی میں پسے عوام کیلئے ایک اوربری خبر، بجلی اور گیس کی سبسڈیز کو مرحلہ وار ختم کرنیکی تجویزسامنے آگئی، صرف مخصوص طبقوں کوہی سبسڈی دی جائے، وزارت خزانہ نے سفارش کردی۔
ذرائع کے مطابق وزارت خزانہ نے غیر ضروری سبسڈیز کے خاتمے کی تیاری شروع کردی، بجلی اور گیس کے شعبوں کے لیے ٹارگٹڈ سبسڈیز کا نظام متعارف کرانے پر غور کیا جارہا ہے، بجلی اور گیس کی سبسڈیز کو مرحلہ وار ختم کرنے کی تجویز دی گئی۔
دوسری جانب صوبائی دارالحکومت لاہور میں گیس بحران پیدا ہونے کے خدشات پیدا ہو گئے، سوئی ناردرن گیس کمپنی نے گیس پریشر ڈاؤن کرنا شروع کر دیا، پریشر کم ہونے کی وجہ سے صارفین کو مشکلات کا سامنا ہے۔ سردی کی شدت میں اضافے کی وجہ سے سوئی ناردرن گیس کمپنی کو صارفین تک گیس سپلائی میں دشواری کا سامنا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ سسٹم کا پریشر ڈاؤن ہونے کی وجہ سے کمپنی نے شہر بھر میں سپلائی میں نمایاں کمی کر دی، 24گھنٹے کے دوران صرف 6 گھنٹے صارفین کو گیس سپلائی دی جا رہی ہے تاہم اس کے باوجود پریشر نہ ہونے کے برابر ہے، گیس قلت کی وجہ سے صارفین لکڑیاں اور ایل پی جی سلنڈر کا استعمال کرنے پر مجبور ہیں، سوئی ناردرن کی جانب سے سسٹم میں ایل این جی کو بھی شامل کیا جا رہا ہے تاہم اس کے باوجود سسٹم میں بہتری نہیں آسکی۔