کلیم اختر:فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے دفتری اوقات اور زیر التوا مقدمات کے پیش نظر اسٹے کیسز کی خصوصی سماعت کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، جبکہ عید تعطیلات کے دوران بھی مختلف ٹربیونلز میں سماعت کا عمل جاری رکھا گیا۔
ذرائع کے مطابق زیر سماعت اسٹے درخواستوں پر عید کے تیسرے روز بھی سماعت کی گئی، جبکہ ملک بھر کے تمام ٹربیونل اسٹیشنز پر کم از کم ایک ڈویژن بینچ جمعہ 29 مئی کو بھی مقدمات کی سماعت کرے گا۔
اپیلیٹ ٹربیونل اِن لینڈ ریونیو کی جانب سے زیر التوا اسٹے مقدمات کے فوری فیصلوں کیلئے خصوصی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ تمام ممبران کو ہدایت کی گئی ہے کہ زیر سماعت اسٹے درخواستوں پر جلد از جلد فیصلے مکمل کیے جائیں۔
چیئرمین اپیلیٹ ٹربیونل اِن لینڈ ریونیو کی منظوری کے بعد احکامات پر فوری عملدرآمد کی ہدایت جاری کی گئی ہے، جبکہ تمام ڈویژن بینچز کو اسٹے کیسز میں ترجیحی بنیادوں پر کارروائی مکمل کرنے کا پابند بنایا گیا ہے۔
مزید برآں تمام ٹربیونل دفاتر کو احکامات پر عملدرآمد، فیصلوں کے اجرا اور بروقت ترسیل یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ جاری شدہ احکامات ایک ہی روز ٹیکس دہندگان اور متعلقہ محکموں تک پہنچ سکیں۔
حکام کے مطابق اس اقدام سے زیر التوا ٹیکس مقدمات میں فوری ریلیف ملے گا اور قانونی کارروائی کے عمل میں تیزی آئے گی، جبکہ اسٹے معاملات میں تاخیر کے خاتمے اور عدالتی بوجھ کم کرنے کیلئے خصوصی حکمت عملی بھی اپنائی گئی ہے۔