کورونا کے شدید علیل مریضوں کیلئے اہم فیصلہ

کورونا کے شدید علیل مریضوں کیلئے اہم فیصلہ
Stay tunned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

جیل روڈ (زاہد چودھری)وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد کی زیر صدارت اجلاس،کورونا مریضوں کوکوئی بھی دوا کورونا ایکسپرٹ ایڈوائزری گروپ کی منظوری کے بغیرنہ دینے کا فیصلہ،کورونا کے شدید علیل مریضوں  کے لیے ٹیچنگ ہسپتالوں کو انجکشن ٹیسی لی زومیب کا سٹاک خرید نے کی ہدایت کردی گئی۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ  کیئر اینڈمیڈیکل ایجوکیشن میں ہونے والے اجلاس میں ایڈیشنل سیکریٹری ڈاکٹرآصف طفیل، ایڈیشنل سیکریٹری ڈاکٹر سلمان شاہد، کورونا ایکسپرٹ ایڈوائزری گروپ کے سربراہ پروفیسرڈاکٹرمحمودشوکت،  وائس چانسلرکنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل، چیف ایگزیکٹوآفیسرمیوہسپتال پروفیسرڈاکٹراسد اسلم خان،پرنسپل سمزپروفیسر ڈاکٹرمحمود ایاز، پروفیسر ڈاکٹر عامرزمان،پروفیسرڈاکٹر محمدسلیم،پروفیسرڈاکٹرسردارالفرید ظفر، پروفیسرڈاکٹر ثاقب شفیع، پروفیسرڈاکٹرعارف تجمل، ڈاکٹر طاہر خلیل، ڈاکٹراحتشام، ڈاکٹرفرخ سلطان اور ڈاکٹر محمودصلاح الدین شریک ہوئے۔   

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کورونا کے شدید علیل مریضوں میں مؤثر انجیکشن ٹیسی لی زومیب کا تمام ٹیچنگ ہسپتالوں میں سٹاک یقینی بنانے  کے لئے خریداری کا عمل شفاف طریقے سے فوری مکمل کیا جائے۔اجلاس میں ہدایت کی گئی کہ کورونا ایکسپرٹ ایڈوائزری گروپ کی منظوری کے بغیرکورونا وائرس کے مریضوں کو کوئی دوا تجویز نہ کی جائے۔

دوسری جانب  کورونا وائرس کا پھیلاؤ بدستور جاری ہے،  ہرگزرتے دن کے ساتھ نئے کیسز میں اضافے کے علاوہ اب ہسپتالوں میں سیریس مریضوں کی تعداد بڑھنا شروع ہوگئی ہے، کورونا وائرس کے327 مریض سرکاری اور 179 مریض پرائیویٹ ہسپتالوں میں زیرعلاج ہیں، سرکاری ہسپتالوں میں 28 مریض آئی سی یو میں داخل ہیں جن میں سے 20 کی حالت تشویشناک ہونے پر انہیں وینٹی لیٹر پر رکھا گیا ہے۔

پرائیویٹ ہسپتالوں میں 68 مریض آئی سی یو میں زیر علاج ہیں جن میں سے 12 وینٹی لیٹر پر ہیں، 74 روز کے دوران شہر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی مجموعی تعداد 10 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

 پنجاب پولیس میں 3 دنوں میں مزید 50 کورونا  کیس سامنے آگئے ہیں جس کے بعد لاہور سمیت پنجاب بھر میں کورونا سے متاثرہ پولیس ملازمین کی تعداد 607 ہوگئی، جس میں  190 پولیس افسر اور اہلکارصحت یاب ہوگئے ہیں، 412 مثبت ملازمین مختلف ہسپتالوں میں زیرعلاج ہیں جبکہ 3 اہلکار کورونا وائرس کی وجہ سے شہادت حاصل کرچکے ہیں۔